14

سرزمین قم میں جشن الصادقینؑ؛ اتحادِ امت کی نئی نوید

  • News cod : 61859
  • 12 سپتامبر 2025 - 19:14
سرزمین قم میں جشن الصادقینؑ؛ اتحادِ امت کی نئی نوید
قم المقدسہ بی بی معصومہ قم سلام اللہ علیہا کے جوار اور مدرسہ مبارکہ فیضیہ میں ایک عظیم الشان اجتماع "جشن الصادقین" منعقد ہوا جس میں ملک کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے علما، طلبا اور مومنین نے بھرپور شرکت کی

قم المقدسہ بی بی معصومہ قم سلام اللہ علیہا کے جوار اور مدرسہ مبارکہ فیضیہ میں ایک عظیم الشان اجتماع “جشن الصادقین” منعقد ہوا جس میں ملک کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے علما، طلبا اور مومنین نے بھرپور شرکت کی۔ یہ اجتماع اتحاد، اخوت، اور مظلومین عالم کی حمایت کا عملی مظہر قرار پایا۔

اجتماع کی اہم خصوصیت یہ تھی کہ اس میں بلتستان، گلگت، استور، نگر، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے عاشقان رسولؐ اور اہل بیتؑ شریک ہوئے اور سب نے ایک امت کی حیثیت سے میزبانی کا کردار ادا کیا۔

تقریب کا آغاز قاری محمد علی حافظ نے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ بعد ازاں مجمع جہانی اہل بیتؑ کے سربراہ آیت اللہ رمضانی نے پیغمبر اسلامؐ اور امام جعفر صادقؑ کی سیرت سے اتحاد کی ضرورت اور عملی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

علامہ امین شہیدی نے اپنے خطاب میں قوم کی اصلاح اور اتحاد کے عملی راستوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم پیامبر اکرمؐ کی سیرت سے اخلاقی اصول اخذ کریں اور ان پر عمل کریں تو قوم کی ترقی اور وحدت یقینی ہے۔

اس موقع پر معروف نعت و منقبت خواں حضرات، مرتضیٰ نگری، ذیشان جوادی، سید شرافت حسینی اور سید دلدار حسین نے اپنے دلنشین کلام سے محفل کو معطر کیا۔

اجتماع میں ایک قرارداد بھی پیش کی گئی جسے مولانا زین عباس نے پڑھ کر سنایا۔ قرارداد میں:

مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور غاصب صیہونی ریاست کے خلاف مزاحمت،

پاکستان کی سالمیت، امن و ترقی کے لئے جہدوجہد،

پارہ چنار کے مظلومین پر ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے اور وہاں تفرقہ پھیلانے کی سازش کو ناکام بنانے کے مطالبات شامل تھے۔

یہ اجتماع دراصل مفتی جعفر حسینؒ اور شہید عارف حسینیؒ کی یاد سے منسوب کیا گیا تھا تاکہ ان کے علمی جہاد، بصیرت اور شہادت سے ملت کو سبق مل سکے۔

اجتماع کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ یہ نشست اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے، اور تمام تنظیمیں، مدارس و ادارے متحد ہو کر اس جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے تاکہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کی زمینہ سازی کی جا سکے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=61859