5

عوام کی موجودگی ملکی سلامتی کی ضمانت ہے، آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی

  • News cod : 64171
  • 10 می 2026 - 17:47
عوام کی موجودگی ملکی سلامتی کی ضمانت ہے، آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی
مرجع تقلید آیت اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی نے کہا ہے کہ انتظامی اور حاکمیتی اداروں کی کامیابی کا سب سے اہم سہارا عوام کا باخبر ہونا اور ان کا ہر میدان میں موجود رہنا ہے۔ جب تک عوام منظرِ عام پر موجود ہیں، ملک نقصان سے محفوظ رہے گا۔

آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سے ملاقات میں سفارت کاری کے شعبے کی حساسیت اور مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح میدانِ جنگ کے مسائل کم اہم نہیں، اسی طرح وزارت خارجہ کے چیلنجز بھی بہت سنگین ہیں۔ اس شعبے میں جتنی تدبیر، منصوبہ بندی اور احتیاط ہوگی، اتنا ہی بہتر نتیجہ برآمد ہوگا۔

انہوں نے زور دیا کہ عوام کے مسائل حقیقی معنوں میں حل کیے جائیں تبھی ان کا تعاون برقرار رہے گا۔ بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں، لیکن بعض اوقات ان کی طرف توجہ نہیں دی جاتی۔

آیت اللہ مکارم شیرازی نے حکومتی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکام کے حق میں دعا گو ہیں اور مثبت اقدامات کی تائید کرتے ہیں، لیکن ساتھ ہی عوام کے جائز مطالبات بھی پورے کیے جائیں۔

انہوں نے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات استوار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں جبکہ ملک کا سامنا بعض مستکبر حکومتوں اور ان کے غیر منطقی رویوں سے ہے، ہمیں پڑوسیوں سے تعلقات بڑھانے چاہئیں، بشرطیکہ وہ حسنِ ہمسایگی کو مدِنظر رکھیں۔

حملوں کے بارے میں آیت اللہ مکارم شیرازی نے کہا کہ امید ہے مناسب تدابیر سے عسکری میدان میں حاصل کردہ کامیابیوں کو برقرار رکھتے ہوئے دشمنوں کی تمام تر سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔

حج کے فریضے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے اس سال حاجیوں پر بہت سی پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ ان سے مذاکرات کیے جائیں تاکہ جنگ کے مسائل کو حج کے فریضے سے نہ جوڑا جائے۔ حج ایک مستقل موضوع ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے جمہوری اسلامی ایران میں اسلامی تشخص کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جمہوری اسلامی نظام میں عوامی پہلو اور اسلامی پہلو دونوں اہم ہیں اور کسی ایک کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے ثقافت کی اصلاح کو مسائل حل کرنے کا موثر ذریعہ قرار دیا اور براڈکاسٹنگ ادارے، مدارس اور جامعات کو فعال کردار ادا کرنے کا پابند کیا۔ نیز خیر خواہوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیر خواہ افراد ملک کے قابل قدر سرمایے ہیں جو دینی جذبے سے خدمت میں لگے رہتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے صدر مملکت اور حکومت کے لیے دعا کی کہ وہ ملک کے مسائل حل کرنے اور اپنی قانونی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے نبھانے میں کامیاب ہوں اور کہا: میں اپنی تمام نمازوں میں دشمنانِ اسلام پر فتح کے لیے دعا کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ ظالمانہ جنگ جلد از جلد امدادِ الٰہی سے ختم ہو جائے۔

واضح رہے کہ اس ملاقات میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے ڈاکٹر عراقچی کا سلام اور پیغام پہنچایا اور خارجہ پالیسی کی تازہ ترین صورت حال سے آیت اللہ مکارم شیرازی کو آگاہ کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=64171

ٹیگز