10

آیت اللہ محمد تقی مصباح یزدی کی رحلت بڑا نقصان، علمی آثار اسلامی ورثہ ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

  • News cod : 7043
  • 03 ژانویه 2021 - 19:28
آیت اللہ محمد تقی مصباح یزدی کی رحلت بڑا نقصان، علمی آثار اسلامی ورثہ ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ مصباح یزدی بین الاقوامی سطح پر ایک جلیل القدر علمی شخصیت،بلند مرتبہ فیلسوف کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے۔ مرحوم متعدد علمی، تحقیقی اداروں کے بانی تھے جن میں دنیا بھر سے آئے علم دوست کسبِ فیض کرتے تھے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سربراہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے ایران کے عظیم عالم دین آیت اللہ محمد تقی مصباح یزدی کی رحلت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے بہت بڑا علمی نقصان قراردیا ہے اور کہا ہے کہ عالّمِ اسلام بہت بڑے اسلام شناس عالم سے محروم ہو گیا ہے۔ اس علمی نقصان پر انہوں نے رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای ، مراجع عظام، مرحوم و مغفور کے خانوادہ ، شاگردان اور اہل علم شخصیات کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ مصباح یزدی بین الاقوامی سطح پر ایک جلیل القدر علمی شخصیت،بلند مرتبہ فیلسوف کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے۔ مرحوم متعدد علمی، تحقیقی اداروں کے بانی تھے جن میں دنیا بھر سے آئے علم دوست کسبِ فیض کرتے تھے۔ ان کے تربیت کردہ سینکڑوں شاگرد پوری دنیا میں اسلامی علوم و معارف کی تبلیغ و نشر و اشاعت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ مصباح یزدی ایک نامور،عظیم اسلامی محقق اور ماہرِ تعلیم تھے۔جنہوں نے قرآن و سنت سے عہدِ حاضر کے جدید مسائل کے بارے قواعد و ضوابط وضع کئے۔ اسلامی اقتصادیات، اسلامی نظامِ حکومت اور بیسیوں جدید مسائل پر نہایت عالمانہ ، ماہرانہ انداز میں متعدد کتب تالیف کیں۔

سربراہ الوفاق المدارس نے کہا کہ آیت اللہ مصباح یزدی اسلام دشمنوں کے بے بنیاد اعتراضات اور نئی نسل کو شکوک و شبہات کا شکار کرنے کی سازشوں کو بے اثر بنانے کے لئے ہمیشہ متوجہ رہتے اور بر وقت زبانی و تحریری اقدام سے انہیں لاجواب کر دیتے تھے۔مرحوم عالم دین دنیائے اسلام میں شامل کی جانے والی بدعتوں اورخرافات کو علمی استدلال سے رد کرتے تھے۔ ان کے علمی آثار ایک عظیم اسلامی ورثہ ہیں جن کا دیگر زبانوں کی طرح اردو میں بھی ترجمہ و اشاعت بہت ضروری ہے

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=7043