35

قم المقدسہ میں انہدام جنت البقیع کے ۱۰۰ سال مکمل ہونے پر کانفرنس کا انعقاد

  • News cod : 46941
  • 04 می 2023 - 19:41
قم المقدسہ میں انہدام جنت البقیع کے ۱۰۰ سال مکمل ہونے پر کانفرنس کا انعقاد
خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین علی اکبر عالمیان نے حضار سے خطاب کرتے ہوئے کہا:اگر خانہ کعبہ پر حملے تاریخ اور اس کے پیچھے اہداف و مقاصد کو دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ جو ہدف کعبے کو مسمار کرنے کا تھا بالکل وہی ہدف جنت البقیع کے انہدام کا بھی تھا، ابرہہ کا مقصد تھا کہ غلبہ اور قدرت حاصل کی جائے اور نجدیوں اور آل سعود کا بھی مقصد یہی تھا کہ قدرت و طاقت حاصل کی جائے۔

وفاق ٹائمز، قم المقدسہ، مدرسہ امام خمینیؒ کے شہید صدر ہال میں انہدام جنت البقیع کے ۱۰۰ سال مکمل ہونے پر تحریر پوسٹ کے زیر اہتمام ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں مختلف مقررین نے آل سعود کے مظالم کے خلاف اپنی آوازیں بلند کیں اور جنت البقیع کی تعمیر کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی اور گزشتہ ۱۰۰ سال کے نشیب و فراز کا تذکرہ کیا، شعرائے کرام نے بھی بقیع کے حوالے سے اشعار پیش کئے۔

اس پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسے مولانا سید فرزان حیدر نےبہترین انداز میں انجام دیا، اور نظامت کے فرائض حجۃ الاسلام والمسلمین سید حیدر عباس زیدی نے انجام دئے، تلاوت کے بعد جنت البقیع کے حوالے سے رہبر معظم کے بیان کو نشر کیا گیا اور اس کے بعد البقیع آرگنائزیشن کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید محبوب مہدی عابدی نجفی نے ایک ویڈیو کے ذریعہ حاضرین کے نام ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا: ہماری آرگنائزیشن نے بقیع کے سلسلے میں اپنی آواز اقوام متحدہ تک پہنچائی ہے، اقوام متحدہ کی وبسائٹ پر بقیع کی تعمیر کے سلسلے میں ہمارے مطالبات موجود ہیں۔

انہوں نے پوری دنیا میں جنت البقیع کی تعمیر کے سلسلے میں عالمی مہم چلانے پر زور دیا اور کہا: مومنین کے ضروری ہے کہ جنت البقیع کے سلسلے میں مجلس، احتجاج، کانفرنس اور مختلف تحریکیں چلائیں اور اہلبیت علیہم السّلام کی مظلومیت کو دنیا کو بتائیں، اور آئمہ بقیع کے کارناموں کو دنیا کے سامنے پیش کریں اور ان ذوات مقدسہ کا تعارف کرائیں، اس طرح کے کانفرنس منعقد ہونا ضروری ہے تا کہ بقیع کا پیغام پہنچ سکے۔

کانفرنس کے پہلے خطیب حجۃ الاسلام المسلمین شیخ حسین غیب غلامی الھرساوی نے نجدیوں کے ظلم و ستم اور کی تاریخ بیان کرتے ہوئے جنت البقیع کے انہدام کی مفصل تاریخ اور اس کے انہدام کے پیچھے نجدیوں اور وہابیوں کے اسباب و عوامل اور اہداف کی جانب اشارہ کیا اور کہا: جنت البقیع کے انہدام کے پیچھے صرف مادی عوامل تھے، کسی طرح کے دینی عقائد مثلاً قبروں کی پرستش وغیرہ وجہ نہیں تھے جس کی وجہ سے یہ گھناؤنا اقدام کیا گیا ہو، بلکہ صرف اور صرف مادی عوامل تھے کہ وہاں سے قیمتی اشیاء کو نکالا جائے اور اسی بازاروں میں بیچا جائے اور معاشی مشکلات سے نجات پیدا کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا: محمد بن عبد الوہاب ایک عالم نالائق تھا اور ایک منفور شخص تھا اور اس کی علمیت بھی ثابت نہیں ہے۔

کانفرنس کے دوسرے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین علی اکبر عالمیان نے حضار سے خطاب کرتے ہوئے کہا:اگر خانہ کعبہ پر حملے تاریخ اور اس کے پیچھے اہداف و مقاصد کو دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ جو ہدف کعبے کو مسمار کرنے کا تھا بالکل وہی ہدف جنت البقیع کے انہدام کا بھی تھا، ابرہہ کا مقصد تھا کہ غلبہ اور قدرت حاصل کی جائے اور نجدیوں اور آل سعود کا بھی مقصد یہی تھا کہ قدرت و طاقت حاصل کی جائے۔

اس پروگرام کے تیسرے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین مولاناسید محمد حسن رضوی نے جنت البقیع کی تعمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: صدر اسلام سے ہی منافقین کا وجود رہا ہے، اس نفاق کی سب سے بڑی وجہ مولائے کائنات (ع) کی ذات گرامی رہی ہے، اگر بقیع تعمیر نہ گیا تو محافظین حرم اپنی ذمہ سمجھتے ہوئے اس نفاق کی دیوار کو توڑ کر جنت البقیع کو تعمیر کریں گے۔

انجمن محبان ام الائمہ (س) کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین سہد مراد رضا رضوی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جنت البقیع عالم اسلام کا مسئلہ ہے، کہا: جنت البقیع کا مسئلہ صرف شیعوں سے مخصوص نہیں ہے، پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، لیکن انہدام کے 100 سال گزرنے پر صرف شیعہ احتجاج کر رہے ہیں، جب کہ انہدام جنت البقیع کے وقت پورے عالم اسلام سے آواز اٹھی تھی، جو مسئلہ عالم اسلام کا تھا وہ مسئلہ اب صرف شیعوں کا کیوں ہو گیا؟یاد رہے کہ وہابیت عالم اسلام کی دشمن یے، یہ صرف شیعوں کی دشمن نہیں ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین سید حیدر عباس زیدی نے حجۃ الاسلام والمسلمین سید حیدر عباس زیدی نے آل سعود کی پانچ بڑی جنایتوں اور مظالم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: آل سعود نے 5 جنایتیں کی ہیں جسے عالم اسلام کبھی فراموش نہیں کر سکتا، 1. انہدام جنت البقیع 2. انہدام زادگاہ پیامبر (ص) 3. انہدام خانہ حضرت خدیجہ (س) 4. اس گھر کا منہدم کرنا جس میں حضرت علی علیہ السلام پلے بڑھے، 5. اس کتاب خانہ کا منہدم کرنا جس میں 60 ہزار سے زائد نادر کتابیں موجود تھیں تاکہ حقایق لوگوں تک نہ پہنچ سکیں۔

اس کانفرنس کا اختتام حجۃ الاسلام سید حیدر عباس زیدی کے دعائیہ کلمات سے ہوا ، جنت البقیع کی تعمیر کے سلسلے میں دعائیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ یہ کانفرنس تحریر پوسٹ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا جس میں طلاب ہندوستان کی بعض انجمنوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ، مشارکت کرنے والی انجمنوں میں انجمن محبان آل یاسین، انڈین اسلامک اسٹوڈنٹس یونین، الامام الحسین (ع) ٹرسٹ، المصطفیٰ فاؤنڈیشن کے نام قابل ذکر ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=46941

ٹیگز