وفاق ٹائمز، قومی اسمبلی کے سپیکر جناب راجہ پرویز اشرف نے اپنے وفد سمیت مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی نے نجف اشرف کی عظمت اور اہمیت کو بتاتے ہوئے کہا کہ نجف اشرف کی عظمت امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے مرقد کی وجہ سے ہے اور امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی ذات گرامی تمام امت مسلمہ کے لیے وحدت کی علامت ہے۔
آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی نے کہا کہ نجف اشرف سب کا ہے اور یہاں سے ہمیشہ وحدت،اخوت اور بین المذاھب ہم آہنگی کا پیغام ملتا ہے۔ اس وقت دنیا میں ہر مذہب کے پیروکاروں کو اپنے دائرے کے اندر مذہبی آزادی ہونی چاہیے ۔ تمام اسلامی ممالک میں تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہونے چاہئیں اور تمام اسلامی ممالک کو اپنی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے برابری کی سطح پر آپسی تجارتی اقتصادی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔
سپیکر قومی اسمبلی جناب راجہ پرویز اشرف نے اس پیغام کو سراہتے ہوئے ،اس کی ترویج اور نشر و اشاعت کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں جناب راجہ پرویز اشرف نے اپنے وفد سمیت، آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کے فرزند شیخ علی نجفی حفظہ اللہ سے بھی ملاقات کی۔
اس ملاقات میں شیخ علی نجفی برصغیر پاک و ہند کے زائرین کے لئے مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کے مرکزی دفتر کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات کو بیان کیا۔ شیخ علی نجفی نےیہ بھی بتایا کہ مرکزی دفتر برصغیر پاک وہند کے ہزاروں طلباء کی کفالت بھی کر رہا ہے ۔
دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی جناب راجہ پرویز اشرف نے مرکزی دفتر کی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کی طول عمر کے لیے دعا کی اور حسن ضیافت پر شکریہ بھی ادا کیا۔












