وفاق ٹائمز، بانی وفاق المدارس الشیعہ پاکستان محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی رحمة اللہ علیہ کے چھوٹے بھائی بزرگ عالم دین خادم القرآن حجة الاسلام و المسلمین مولانا سید باقر حسین نقوی مرحوم کی رسم چہلم کی مجلس ترحیم و تجلیل کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں لواحقین ، شاگردان، عزیز واقارب نے شرکت کی۔ مجلس ترحیم کا انعقاد مرحوم کی تاسیس کردہ دینی درسگاہ جامعہ باقر العلوم میں ہوا جس میں مختلف علمی مذہبی تنظیمی شخصیات خصوصاً ان کے شاگردوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ان دینی قرآنی خدمات کا مفصل تذکرہ کرتے ہوئے انہوں خراجِ عقیدت پیش کیا ۔
مولانا فیاض حسین اسدی، مولانا مومن حسین قمی ،معروف خطیب واعظ مولانا خادم حسین گھاگھری ،اور حجتہ الاسلام و المسلمین مولانا اعجاز حسین شاکری نے خطاب میں آپ کی علمی خدمات کو شاندار الفاظ میں بیان کیا ۔
مولانا مومن حسین قمی صاحب کا کہنا تھاکہ علامہ سید باقر حسین نقوی مرحوم نے اپنی پوری زندگی قرآن حکیم کی خدمت میں گزاردی۔وہ ایک بہترین مربی ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے اور با صلاحیت مدیربھی تھے۔
ان میں خدمت دین کا جزبہ تھا ہمیشہ سادگی کو ترجیح دی اور ایک کثیر تعداد کی تربیت کی ۔مولانا خادم حسین گھاگھری نے کہا استاذ العلماءعلامہ سید محمد یار شاہ کے شاگردوں میں علامہ باقر نقوی اپنی مثال آپ تھے ۔استاذ العلماءجن پہ بہت زیادہ یقین رکھتے تھے وہ مولانا سید باقر حسین نقوی مرحوم تھے۔مولانا فیاض اسدی نے کہا کہ استاد بزرگوار کی شفقت ان کا انداز تربیت انتہائی منفرد تھا جو نیا طالب علم آتا اسے بھرپور توجہ دیتے تاکہ بچہ علم دین کی طرف راغب ہو۔ہمیشہ واجبات کی ادائیگی پر توجہ دلاتے، نماز شب اور ظہرین کے نوافل پہ خصوصی توجہ ہوتی تھی۔
علامہ باقر نقوی نے اپنی 90 سالہ پربرکت زندگی قرآن حکیم کی خدمت میں گزاری جوکہ یقینا آپ کے لیے نجات کا ذریعہ بنے گی۔












