وفاق ٹائمز، سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالم اسلام کے عظیم فرزند، حزب اللہ کے سربراہ، دفاع بیت المقدس کے علمبردار، اتحاد و وحدت کے داعی، قابل فخر سپوت، حجةالاسلام والمسلمین سید حسن نصراللہ و ساتھیوں کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، شہید کے خانوادہ محترم، لبنانی عوام اور تمام عالم اسلام کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید حسن نصر اللہ اس دور کے عظیم مجاہد تھے اور حسن نصراللہ کی شہادت سے حزب اللہ کی عوامی حمایت میں مزید اضافہ، بیت المقدس کی تحریک آزادی میں تیزی، اسلامی مزاحمتی تحریکوں میں یکجہتی اور صہیونی سامراجی قوتوں کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا۔
علامہ ساجد نقوی نے صہیونی ریاست کو بڑا جنگی مجرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان اور فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ حجةالاسلام والمسلمین سید شیخ نصراللہ سمیت بے گناہ لوگوں کی شہادتیں صہیونی سامراجی قوتوں کی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی نے لبنان پر اسرائیلی صہیونی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسی صورتحال میں پوری عالم انسانیت کو اس وحشت و سفاکیت کو رکوانا ہوگا، کیونکہ فلسطین و لبنان میں نسل کشی جاری ہے، جس کو روکنے کیلئے پورا عالم انسانیت میدان میں آئے اور ظالم کے اس ہاتھ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس ظلم و نسل کشی کو نہ روکا گیا تو پھر اس کے اثرات خطے سمیت پوری دنیا پر پڑیں گے۔ آخر میں دعا کی خدا انہیں شہدا اسلام کے ساتھ محشور فرمائے اور حزب اللہ کے مجاہدین کو اور ان کے مشن کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھنے کی ہمت اور حوصلہ عنایت فرمائے۔












