1

امام محمد باقرؑ نے مجالسِ عزاء کے ذریعے ظلم کو بے نقاب کرنے اور امت کو بیدار رکھنے کا شعوری نظام قائم کیا: امام جمعہ سکردو

  • News cod : 64195
  • 23 می 2026 - 17:31
امام محمد باقرؑ نے مجالسِ عزاء کے ذریعے ظلم کو بے نقاب کرنے اور امت کو بیدار رکھنے کا شعوری نظام قائم کیا: امام جمعہ سکردو
حوزہ/امام جمعہ سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے نمازِ جمعہ کے خطبوں میں ماہ مبارک ذی الحجہ کے فضائل اور مناسبتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے امام محمد باقر علیہ السّلام کی شہادت اور یومِ عرفہ و عید الاضحیٰ کے احکامات بیان کیے۔

امام جمعہ سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے نمازِ جمعہ کے خطبوں میں ماہ مبارک ذی الحجہ کے فضائل اور مناسبتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے امام محمد باقر علیہ السّلام کی شہادت اور یومِ عرفہ و عید الاضحیٰ کے احکامات بیان کیے۔

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ مولا امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے نہج البلاغہ میں فرمایا: ایک زمانہ ایسا آئے گا جب اسلام کو الٹی پوستین کی طرح پہنا جائے گا۔

انہوں نے مزید نے کہا کہ آج کے دور میں ظاہری اسلام تو باقی ہے مگر دین کی حقیقی روح، بصیرت، شعور اور عملی سیرت کمزور پڑتی جا رہی ہے، لہٰذا اہلِ بیتؑ کی حقیقی تعلیمات اور سیرت کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات کے حوالے سے عوام پر زور دیا کہ وہ سوچ سمجھ کر ووٹ کا استعمال کریں اور انتخابی ماحول میں الزامات، تہمت، کیچڑ اچھالنے اور غیر اخلاقی رویوں سے اجتناب کریں۔

علامہ شیخ جعفری نے کہا کہ انجمنِ امامیہ بلتستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطۂ اخلاق پر عمل کیا جائے اور مقدس ایامِ ذی الحجہ کے احترام کو ملحوظ رکھا جائے۔

انہوں نے یکم ذی الحجہ، حضرت فاطمۃ الزہراؑ اور حضرت علیؑ کے مبارک ازدواج کے موقع پر سادگی کو اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آج منگنی اور شادیوں میں بے جا رسم و رواج، اسراف اور شور شرابہ عام ہو چکا ہے، جبکہ اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرت انتہائی سادگی، وقار اور اعتدال کا درس دیتی ہے۔

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے عید الاضحیٰ کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قربانی سنتِ ابراہیمی ہے اور صاحبِ حیثیت افراد کو بڑھ چڑھ کر قربانی کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں فضول اخراجات کرنے کے بجائے اللہ کی راہ میں قربانی کو ترجیح دی جائے، کیونکہ یہی عبادت انسان کی توفیقات اور برکتوں کا سبب بنتی ہے۔

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے علامہ اقبال(رح) کا شعر “عیدِ محکومان ہجومِ مومنین، عیدِ آزادگان شکوہِ ملت و دین” پڑھتے ہوئے کہا کہ عید صرف ہجوم کا نام نہیں، بلکہ ملت کی عظمت، وحدت اور دینی وقار کا مظہر ہونی چاہیے۔

انہوں نے 21 مئی 1988ء کے المناک سانحے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان کے غیور مجاہدین نے دہشت گرد لشکروں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور عظیم قربانیاں دے کر دشمن کو پسپا کیا۔

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے 7 ذی الحجہ شہادتِ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام محمد باقر علیہ السلام نے مدینہ منورہ میں علومِ آلِ محمدؑ کے عظیم مدرسے کی بنیاد رکھی اور آپؑ کے شاگردوں نے علومِ نبوت و امامت کو محفوظ رکھا۔

انہوں نے کمیت بن زید اسدی جیسے انقلابی شاعر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ بیتؑ کے حقیقی پیغام کو زندہ رکھنے کے لیے علمی، فکری اور شعوری جدوجہد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام محمد باقرؑ نے اپنی شہادت کے بعد بھی مجالسِ عزاء کے ذریعے ظلم کو بے نقاب کرنے اور امت کو بیدار رکھنے کا شعوری نظام قائم فرمایا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=64195

ٹیگز