وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، بلتستان کے معروف عالم دین، استاد حوزہ حجۃ الاسلام سید احمد رضوی نے معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس خبر کو قومی ہیرو کے پرستاروں کے لیے صدمہ قرار دیا ہے۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی دنیا کے دوسرے بڑے فلک بوس پہاڑ کے ٹو کو سر کر لینے کے بعد پہاڑی سلسلے میں گمشدگی اور بعد ازاں عدم بازیابی کے باعث صدپارہ خاندان کی جانب سے وفات کے اعلان پر اپنے تعزیتی بیان میں انکا کہنا تھا کہ محمد علی سدپارہ عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما تھے اور دنیا بھر میں وطن عزیز پاکستان کی پہچان تھے۔ جبکہ ملک میں وہ پہاڑوں کے بیٹے اور قومی ہیرو کے نام سے شہرت رکھتے تھے۔
انہوں نے گلگت بلتستان میں فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر عوامی خدمات بھی انجام دیں۔ یہی وجہ ہے کہ محمد علی سدپارہ کی کے ٹو کے پہاڑی سلسلے میں گمشدگی اور وفات کی خبر سے ملک بھر سمیت دنیا میں ان کے پرستاروں کو صدمہ پہنچا ہے۔












