24

جوانان انصار المہدی جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام “انٹر اسکول قصیدہ و منقبت” خوانی مقابلے کا اہتمام

  • News cod : 13856
  • 22 مارس 2021 - 15:16
جوانان انصار المہدی جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام “انٹر اسکول قصیدہ و منقبت” خوانی مقابلے کا اہتمام
حجت الاسلام شیخ ناظر مہدی محمدی نے اپنی صدارتی تقریر میں مختلف اسکولوں سے اس پروگرام میں حصہ لینے والے طالب علموں اور ہمراہ تشریف لائے اساتذہ اور طلاب علموں کا جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور انصار المہدی جوانان اثنا عشریہ اور اثنا عشریہ نیٹ ورک جمعیت العلماء اثنا عشریہ کا اس پروگرام کو بہترین انداز میں انعقاد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ولادت با سعادت حضرت شہزادہ قاسم ابن امام حسن مجتبی علیہ السلام اور حضرت علی اکبر ابن امام حسین علیہ السلام کی مناسبت پر انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کی ذیلی شاخ جوانان انصار المہدی اثنا عشریہ کے زیر اہتمام ایک انٹر اسکول قصیدہ و منقبت خوانی مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل اور ضلع کرگل کے صدر مقام کے گردونواح سے مختلف پرائیوٹ اسکولوں کے پندرہ طالب علموں نے حصہ لیا،اس کے علاوہ ہر اسکول سے ایک استاد اور 9 طالب علموں کو بھی مدعو کیا گیا جو اپنے اپنے اسکول کے مدح خواں کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے، ان طلباء نے اپنی منفرد آوازوں میں اہل البیت علیہم السلام کی شان میں قصیدہ اور منقبت پیش کی اور مقابلہ قصیدہ و منقبت خوانی اور جشن محفل کی رونق کو دوبالا کیا.

اس موقع پر صدر انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل حجت الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس کے علاوہ علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے علمائے کرام اور لوگوں کی کثیر تعداد نے اس بابرکت جشن اور محفل میلاد میں شرکت کی۔ شعبہ ادب جمعیت العلماء اثنا عشریہ کے صدر سید ہادی شاہ آغا اور ممبران سید رضا رضوی، آخوند اصغر علی بشارت، کرگل کے معروف قصیدہ و نوحہ خواں حاجی محمد حسین بابا اور شمیم احمد چنگراہ نے پروگرام میں جج کے فرائض انجام دیئے۔

مقابلہ قصیدہ اور منقبت خوانی میں جعفریہ اکیڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن (لور ونگ) کرگل کے احمد رضا نے پہلی پوزیشن جبکہ سورو ویلی پبلک سکول کرگل کے شجاعت علی شاہی نے دوسری پوزیشن اور یونیٹی پبلک سکول منجی کے محمد حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی، اس کے علاوہ اس مقابلے میں حصہ لینے والے تمام طالب علموں کو بہترین انعامات سے نوازا گیا،جن طالب علموں نے مقابلہ قصیدہ و منقبت خوانی میں حصہ لیا ان میں آخوند محمد حسین حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل، محمد حسین منشی حبیب اللہ مشن سکول، محمد علی خان JK Northern پبلک سکول، مجتبی سلام پوائنیر پبلک سکول،احمد حسین کرگل پبلک سکول،ذیشان حیدر سر اقبال پبلک سکول،محمد ساحل حسین جعفریہ ماڈرن پبلک سکول گونگما کرگل، پرویز احمد جودایہ پروجیکٹ کیئر، احمد رضا جعفریہ اکیڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن (لور ونگ)، انور حسین جعفریہ اکیڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن چھوسکور، محمد زاکریہ جعفریہ اکیڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن ہائیر سیکنڈری سکول کرگل، اعجاز حسین ثواب پبلک سکول برو،شجاعت علی سورو ویلی پبلک سکول کرگل،
شجاعت حسین اسلامیہ پبلک سکول اپاتی اور محمد حسین یونیٹی پبلک سکول منجی کے نام شامل ہیں۔

حجت الاسلام شیخ ناظر مہدی محمدی نے اپنی صدارتی تقریر میں مختلف اسکولوں سے اس پروگرام میں حصہ لینے والے طالب علموں اور ہمراہ تشریف لائے اساتذہ اور طلاب علموں کا جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور انصار المہدی جوانان اثنا عشریہ اور اثنا عشریہ نیٹ ورک جمعیت العلماء اثنا عشریہ کا اس پروگرام کو بہترین انداز میں انعقاد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور قصیدہ و منقبت خوانی کے اس مقابلے کے انعقاد کرنے کے مقاصد اور اہداف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ہماری آنے والی نسلوں کو اہل البیت علیہم السلام کے کلچر سے جوڑے رکھنے اور بچوں میں قصیدہ،منقبت اور دینی اجتماعات میں زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کرانے اور شوق و ذوق پیدا کرنے کیلئے اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کو انعقاد کیا جائے گا۔
شیخ ناظر مہدی محمدی نے کلچر کے نام پر کچھ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے انعقاد کئے جانے والے غیر شرعی پروگراموں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایسے پروگراموں سے بالخصوص نوجوان لڑکے لڑکیوں کو دوری اختیار کرنے کی صلاح و مشورہ دیا اور جتنا ہو سکے اہل البیت علیہم السلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے علم حاصل کرنے اور اپنے کامیاب مستقبل کے لئے راہ ہموار کرنے کی تلقین کی۔

شیخ ناظر مہدی محمدی نے مزید ان ڈپارٹمنٹ کو انتباہ کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے غیر شرعی پروگراموں کو انعقاد کرنے سے پرہیز کرنے پر زور دیا اور دوسروں کی ناموس کی حفاظت کو یقینی بنانے کی تجویز دی اور مزید کہا کہ جتنا ممکن ہو سکے ایسے پروگراموں کا انعقاد کرے جس کی شریعت محمدی اجازت دیتی ہو۔

ہادی علی کرار استاد جعفریہ اکیڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن کرگل نے اس پورے پروگرام میں نظامت کے فرائض انجام دینے اور بہترین اور منفرد انداز میں قصیدہ و منقبت خوانی کے اس مقابلے کو اپنے اختتام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=13856