8

انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کےساتھ عملی اقدامات ضروری ہیں ، قائد ملت جعفریہ پاکستان

  • News cod : 14153
  • 25 مارس 2021 - 16:30
انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کےساتھ عملی اقدامات ضروری ہیں ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ افسوس اقوا م متحدہ اقوام عالم کےلئے انسانی حقوق کی فراہمی کے اپنے مشن میں کامیاب نہ ہوسکا، بڑی ریاستوں اور جارح ممالک کے سامنے اقوام عالم کے سب سے بڑے ادارے کی ایک نہیں چلتی، ایسا ہوتا تو بیشتر قراردادوں اور مذمتی بیانات کے بعد مقبوضہ کشمیر، فلسطین سمیت دنیا کے مظلوموں کو داد رسی مل چکی ہوتی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ افسوس اقوا م متحدہ اقوام عالم کےلئے انسانی حقوق کی فراہمی کے اپنے مشن میں کامیاب نہ ہوسکا، بڑی ریاستوں اور جارح ممالک کے سامنے اقوام عالم کے سب سے بڑے ادارے کی ایک نہیں چلتی، ایسا ہوتا تو بیشتر قراردادوں اور مذمتی بیانات کے بعد مقبوضہ کشمیر، فلسطین سمیت دنیا کے مظلوموں کو داد رسی مل چکی ہوتی،آج بھی کشمیری مظلومیت کی تصویر ہیں جبکہ فلسطینی اپنے آبائی خطے میں بے یارو مددگار، بعض ممالک میں بنیادی حق سلب ہورہے ہیں، بات کرنے تک کی آزادی نہیں، صرف دن منانے سے حقوق حاصل نہیں ہوتے۔
انسانی حقوق کی خلاف ورزیو ں کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اقوا م متحدہ نے مختلف ایشوز پر دن مختص کررکھے ہیں مگر افسوس کہ دنیا کے سب سے بڑے فورم کی آواز کی بعض جارح ممالک اور ریاستوں کے مقابلے میںتوانا نہیں، اگر ایسا ہو تا تو اقوام عالم کو فلسطین اور کشمیر میں ہونیوالی آئے روز کی خلاف ورزیاں نظر نہ آتیں؟ جنوبی ایشیا کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ میں ہونیوالے ظلم و جبر کی داستانیں انسانی حقوق کے زمرے میں نہ آتیں؟ افریقہ سے افغانستان تک انسانیت کے ساتھ جو سلوک روا رکھاگیا وہ عالمی ضمیر جھنجوڑنے کےلئے کافی نہیں ؟انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا تدارک صرف زبان سے نہیں بلکہ اقوام متحدہ کو عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ نہتے لوگوں پر کہیں گولیاں برسائی جاتی ہیںاور کہیں بارود پھینکا جاتاہے،کسی خطے کو دہشتگرد اور انتہا ءپسند نشان عبرت بنادیتے ہیں،تو کہیں انسان نما حیوان معصوم بچوں اور بچیوں کو مسل دیتے ہیں مگر اقوام متحدہ ہو، ریاست ہو یا حکومتیں ، صرف مذمتی بیانات پر اکتفا کیا جاتاہے جبکہ مظلوموں کی داد رسی ہوتی ہے اور نہ ہی انسانی حقوق کی پامالیوں کے تدارک کےلئے کوئی عملی اقدام اٹھایا جاتاہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ریاست پاکستان کوایک مرتبہ پھر انسانی حقوق، شہری آزادیوں کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ ایسے دنوں میں جب ہم یوم پاکستان کی تقاریب کا انعقاد کررہے ہیں ہمیں اس ارض وطن کے قیام کے اصل کی جانب لوٹنا ہوگا جسے اسلامی ، جمہوری ، فلاحی اور انسانی حقوق کی فراوانی کا ماڈل بننا تھاوہیں بنیادی آئینی اورشہریوں آزادیوں کوسلب کرنے کاسلسلہ جاری ہے اورمسلسل قدغنیں لگاکرعوامی جذبات،احساسات،حقوق اورمطالبات کودبایاجارہاہے۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ بزرگوں نے جس وطن کو ہمارے حوالے کیا اُس حوالے سے ہم نے اپنی ذمہ داریاں کس حد تک نبھائیں ۔افسوس آج تک پاکستان اور پاکستانی قوم اپنے اِن اعلیٰ و ارفع مقاصد کو حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوئے ، اِن کمزوریوں کو تلاش کرکے اِنہیں دور کرنا ہوگا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=14153