28

عزاداری امام حسین علیہ السلام فرقہ واریت کی نفی کرتی ہے، علامہ اسدی

  • News cod : 20983
  • 11 آگوست 2021 - 13:41
عزاداری امام حسین علیہ السلام فرقہ واریت کی نفی کرتی ہے، علامہ اسدی
امام حسین علیہ السلام کا یہ جملہ تمام فرقوں کی نفی کرتا ہے، واقعہ کربلا کے بعد سے محمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کلمہ پڑھنے والے مسلمانوں کے فقط دو ہی فرقے ہیں ایک حسین علیہ السلام جیسے اور دوسرے یزید لعین جیسے۔

وفاق ٹائمز ،مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے عزاداری سیل کے ذمہ داران سے پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام فرقہ واریت کی نفی کرتی ہے، امام حسین علیہ السلام نے کربلائے معلیٰ میں میں اپنے نانا محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین پر اپنا کنبہ وارنے سے قبل یزید کی بیعت کے سوال پر ایک تاریخی جملہ کہا تھا کہ مثلی لا یبایع مثلہ یعنی مجھ جیسا تجھ جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کا یہ جملہ تمام فرقوں کی نفی کرتا ہے، واقعہ کربلا کے بعد سے محمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کلمہ پڑھنے والے مسلمانوں کے فقط دو ہی فرقے ہیں ایک حسین علیہ السلام جیسے اور دوسرے یزید لعین جیسے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والے دراصل حسین علیہ السلام والے ہیں اور مادر وطن پاکستان میں مذہبی، لسانی و علاقائی تفرقوں کا بیج بونے والوں کو تعلق بلاشبہ یزیدیت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام و پاکستان دشمن عناصر دہشتگردی اور تکفیریت کے ذریعے عزاداری سید الشہداء و استحکام پاکستان نہ روک سکے اب دشمن نئے حربے کیساتھ آیا ہے کہ عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کو سکیورٹی کا مسئلہ بنا دیا جائے اور عزاداری پر قدغن لگائی جائے لیکن کسی بھی صورت اس یزیدی سوچ کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا انسانیت اور حب الوطنی کا درس دیتی ہے اور اس درسی نظام کے فروغ سے ہمیں کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے اس موقع پر رہنما مجلس وحدت مسلمین پنجاب رائے ناصر علی کو عزاداری سیل کا انچارج مقرر کیا جبکہ سید حسن کاظمی، سید حسین زیدی، علامہ اقبال کامرانی و دیگر اراکین عزاداری سیل کے ممبر کے طور پر محرم الحرام میں پنجاب بھر میں عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ کے سلسلے میں درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=20983