20

حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کا اظہار افسوس

  • News cod : 21714
  • 02 سپتامبر 2021 - 10:31
حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کا اظہار افسوس
ان کا مزید کہنا تھا کہ حریت رہنما کے مشن کو جاری رکھا جائے گا اور سید علی گیلانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاق ٹائمز، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین بشمول جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے پیر ازہر علی ہمدانی، پاکستان پیپلز پارٹی کے ارشد نقوی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، آل پاکستان سنی تحریک کے مطلوب اعوان قادری، کرامت علی، ڈاکٹر عالیہ امام، بشیر سدوزئی، عرم بٹ اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اپنے مشترکہ بیان میں کشمیری حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری حریت رہنماؤں اور عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کی پوری زندگی کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے دفاع کی جدوجہد میں گزری اور انہوں نے کبھی باطل قوتوں بالخصوص بھارتی ریاستی دہشت گردی کے سامنے اپنا سر تسلیم خم نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی نہ صرف حریت پسند رہنما تھے بلکہ آپ کوتحریک آزادی کشمیر میں ایک انقلابی رہنما کی حیثیت حاصل تھی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیری عوام ہی نہیں بلکہ پاکستان کے عوام بھی برابر کے غم میں شریک ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حریت رہنما کے مشن کو جاری رکھا جائے گا اور سید علی گیلانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آنے والی نسلیں سید علی گیلانی کو کشمیر کی آزادی کے بانی رہنماؤں کے طور پر یاد رکھیں گی۔ انہوں نے سید علی گیلانی کے بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی اور کہا کہ پوری قوم سید علی گیلانی کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے ۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=21714