21

علامہ قاضی نیاز حسین نقویؒ نے اپنی پوری زندگی مکتب آل محمد کی خدمت میں گزاری، ،علامہ سید سبطین حیدر سبزواری

  • News cod : 24434
  • 28 اکتبر 2021 - 15:34
علامہ قاضی نیاز حسین نقویؒ نے اپنی پوری زندگی مکتب آل محمد کی خدمت میں گزاری، ،علامہ سید سبطین حیدر سبزواری
شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے وفاق ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کی پوری زندگی دینی خدمات میں گزری ہے آپ کا علمی اور دینی گھرانے سے تعلق تھا جس گھرانے کا پورے پاکستان پر احسان ہے۔

شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے وفاق ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ علامہ قاضی نیاز حسین نقویؒ کی پوری زندگی دینی خدمات میں گزری ہے آپ کا علمی اور دینی گھرانے سے تعلق تھا جس گھرانے کا پورے پاکستان پر احسان ہے۔آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم کا آغاز جامعہ المنتظر لاہور سے کیا اور وہاں سے آپ ایران چلے گئے۔ آپ حوزہ علمیہ قم سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد ایرانی عدالتی اداروں میں قاضی بنے اور اس مقام تک پہنچے جہاں برصغیر کے کوئی عالم دین کی رسائی نہیں ہوئی تھی، آپ نے امانت اور دیانت کے ساتھ اس ذمہ داری کو نبھایا اور پاکستانی اور پاکستانی تشیع کا نام روشن کیا بہرحال آپ نے وہاں گراں قدر خدمات سرانجام دیں جس پر ایرانی حکومت کو اعتماد تھا آپ کی شخصیت ناقابل فراموش ہے انشاءاللہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور آپ کا تذکرۂ خیر ہمیشہ جاری و ساری رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ مرحوم اسلامی جمہوریہ ایران سے پاکستان تشریف لائے بعد از آن آپ نے حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر کے پرنسپل کے عہدے کو سنبھالا اور اس دینی مدرسے کی علمی سرگرمیوں میں دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق میں مزید اضافہ کیا اور وفاق المدارس کے حوالے سے بہت بڑا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مذہبی ہو یا سیاسی ملی یکجہتی کونسل ہو الغرض آپ نے ہر میدان میں قوم اور خاص طور پر جامعہ المنتظر کی نمائندگی کی اور کھبی آپ کی وجہ سے قوم کو شرمندگی نہیں اٹھانی پڑی، ہمیشہ آپ نے قوم و ملت کے وقار کو کو بلند کیا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ مرحوم ایک علمی شخصیت ہونے کے ساتھ مایہ ناز خطیب بھی تھے بہت ساری کتابوں کے ترجمے کروائے ان گراں قدر خدمات کے علاوہ مساجد مدارس اور امام بارگاہوں کی تعمیر و توسیع کروائی غریب مومنین یتیموں کی سرپرستی کی۔آپ کے سانحہ ارتحال سے علمی،عملی اور مذہبی میدانوں ایک بہت بڑا خلاء پیدا ہوا لیکن یہ خدائی امر ہے ہم اللہ کے اس امر پر راضی ہیں اور تسلیم کرتے ہیں موت برحق ہے اور اس پر ایمان بھی ضروری ہے۔آخر میں دعا ہے کہ اللہ قبلہ مرحوم قاضی نیاز حسین نقوی کے درجات کو بلند فرمائے اور جوار آئمہ میں جگہ عنایت فرمائے اور ان کے فرزندوں کو والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین اسلام کی خدمت کرنے کی توفیق عنایت فرمائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=24434