16

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی وفد سمیت عراق میں آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی سے ملاقات

  • News cod : 24583
  • 31 اکتبر 2021 - 10:31
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی وفد سمیت عراق میں آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر نجفی سے ملاقات
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (PIA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے اپنے وفد سمیت آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (PIA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے اپنے وفد سمیت آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔

اس ملاقات میں سی ای او(CEO) کے ساتھ ،پی آئی اے کے آفیسرز، بغداد میں پاکستانی سفیر جناب احمد امجد علی صاحب،ڈیفنس اتاشی برگیڈیئر وصی الدین ،اسلام آباد میں عراقی سفیر سید حامد عباس لفتہ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں آیت اللہ حافظ بشیر نجفی  نے پی آئی اے کی دوبارہ پروازوں کی بحالی کو سراہتے ہوئے خوش آئند امر قرار دیا اور کہاکہ امید ہے اب یہ سلسلہ باقی رہے گا اور اس سے نہ صرف پاکستانی زائرین کو سہولت ہوگی بلکہ اس سے پاکستان کا نام بھی روشن ہو گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ سمندری راستوں کے ذریعے بھی یہ سلسلہ شروع کیا جائے تاکہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی عمل فروغ پا سکے۔اور دونوں اسلامی ملک اقتصادی حوالے سے مضبوط سے مضبوط تر ہو سکیں۔نیز یہ بھی یاد رہے کہ کافی توقف کے بعد ایک مرتبہ پھر پی آئی اے نے عراق کے لیے ڈائریکٹ فلائٹ آپریشن شروع کیا ہے ،جسکی پہلی پرواز بروز ہفتہ نجف اشرف ائیرپورٹ پر اتری۔

دوسری جانب پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ اب یہ سلسلہ انشاء اللہ جاری رہے گا اور یہ بھی ہماری خواہش ہے کہ انشاء اللہ کربلاء ائیرپورٹ پر بھی پہلی پرواز پی آئی اے کی ہی اترے ۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=24583