8

ہم مطمئن نہیں ہیں کہ ہمارے قاتل مارے گئے، علامہ عارف واحدی

  • News cod : 31152
  • 11 مارس 2022 - 10:39
ہم مطمئن نہیں ہیں کہ ہمارے قاتل مارے گئے، علامہ عارف واحدی
اس سانحے پر پورے ملک سے جو ردعمل آیا، تمام مذاہب اور مسالک کے علمائے کرام اور عوام کی طرف سے اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں، اس اتحاد کے ذریعے ہی دہشتگردی کو شکست دیں گے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہمیں انصاف چاہیئے، قاتلوں اور دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، اگر قانون پر عملدرآمد نہیں ہوگا اور دہشتگردوں کو سزائیں نہیں دی جائیں گی تو ملک میں دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ شہید عارف حسین الحسینی میں دیگر جماعتوں کے علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، مولانا جمیل حسن، مولانا عابد شاکری، زاہد علی آخونزادہ سمیت دیگر علمائے کرام اور عمائدین موجود تھے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ چند افراد کو شدت پسند بنا کر مارنے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہم مطمئن نہیں ہیں کہ ہمارے قاتل مارے گئے، زخمیوں کے علاج معالجے کے حوالے سے بہت زیادہ شکایات موصول ہو رہی ہیں، ان کو لاوارث نہ سمجھا جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سانحہ امامیہ مسجد کے شہداء اور زخمیوں کے حوالے سے کوئی امدادی پیکج سننے میں آرہا ہے، اس کو ہم اپنی توہین سمجھتے ہیں، ہم باوقار قوم ہیں، ہمیں طفل تسلیوں سے مطمئن کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت اتنے بڑے سانحے پر نااہلی دکھا رہی ہے، ہم محب وطن اور پُرامن لوگ ہیں، اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ اس سانحے پر پورے ملک سے جو ردعمل آیا، تمام مذاہب اور مسالک کے علمائے کرام اور عوام کی طرف سے اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں، اس اتحاد کے ذریعے ہی دہشتگردی کو شکست دیں گے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=31152