7

لاہور ہائیکورٹ کا قرآن نہ پڑھانے والے سکولوں کیخلاف کارروائی کا حکم

  • News cod : 31779
  • 21 مارس 2022 - 17:47
لاہور ہائیکورٹ کا قرآن نہ پڑھانے والے سکولوں کیخلاف کارروائی کا حکم
جسٹس شاہد وحید نے سیکرٹری سکولز سے کہا آپ آج ہی الرٹ جاری کریں کہ جہاں قران پاک کی تعلیم نہیں دی جا رہی، والدین شکایت کر سکتے ہیں۔ قرآن پاک کی تعلیم نہ دینے والے سکولوں اور اُنکے اساتذہ کیخلاف کارروائی کرکے رپورٹ دیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق،ہائیکورٹ نے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو سرکاری سکولز میں قران پاک نہ پڑھانے والے سکولوں اور اساتذہ کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سیکرٹری سکولز کو حکم دیا کہ وہ الرٹ جاری کریں، جہاں قرآن پاک کی تعلیم نہ دی جاری ہو اس پر والدین آپ سے شکایت کر سکتے ہیں۔ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے التمش سمیت دیگر کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی۔ سیکرٹری سکولزغلام فرید سمیت دیگر افسران پیش ہوئے۔ لاء افسر نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل صاحب طبیعت کی ناسازی کے باعث پیش نہیں ہوسکے، سماعت ملتوی کی جائے۔

جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ ایڈووکیٹ جنرل کو کیا ہوا ہے؟ لاء افسر نے بتایا کہ اُنکی آنکھ کا آپریشن ہوا ہے۔ جسٹس شاہد وحید نے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے کہا آپ بتائیں کہ کیا سکولوں میں قران پاک کی تعلیم شروع ہوگئی ہے۔ سیکرٹری سکولز نے جواب دیا کہ قران پاک کی تعلیم شروع ہو گئی ہے۔ جسٹس شاہد وحید نے سیکرٹری سکولز سے کہا آپ آج ہی الرٹ جاری کریں کہ جہاں قران پاک کی تعلیم نہیں دی جا رہی، والدین شکایت کر سکتے ہیں۔

فاضل جج نے کہا کہ قرآن پاک کی تعلیم نہ دینے والے سکولوں اور اُنکے اساتذہ کیخلاف کارروائی کرکے رپورٹ دیں، کس ٹیچر نے کتنے پریڈ قران پاک پڑھائے۔ اس بارے بھی رپورٹ مرتب کریں۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے جواب دیا کہ عدالتی حکم کی تعمیل ہوگی۔ عدالت نے سیکرٹری سکولز سے آئندہ سماعت پرعملدرآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=31779