وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، روضہ مبارک حضرت عباس سے وابستہ قرآن مرکز نجف اشرف برانچ کی جانب سے یونیورسٹیز قرآن پروجیکٹ کے ضمن میں ایک سمپوزیم منعقد کیا گیا جس میں الفرات الاوسط ٹیکنیکل یونیورسٹی کے طلباءنے شرکت کی۔
اس کانفرنس میں سید محمد رضا شرف الدین نے طلباء کو ایک سماجی و فکری لیکچر دیا جس میں نوجوانوں کو درپیش عصری چیلنجز پر بات کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صرف ذہنی اور تعلیمی طور پر مضبوط نوجوان طبقہ ہی معاشرے میں سماجی موافقت اور پر امن بقائے باہمی قائم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے اور یہی ذہنی اور تعلیمی پختگی ان میں خود آگاہی پیدا کرنے کا ذریعہ ہے جو انہیں انحرافات اور مسخ شدہ خیالات کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہے۔
انہوں نے ان طریقوں پر بھی روشنی ڈالی جن کے ذریعے نوجوان اپنی، اپنے خاندان اور اس طرح اپنے معاشرے کی حفاظت کرنے کےقابل ہوتا ہے۔ انہوں نے قرآنی آیات اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں معاشرے میں پھیلی ہوئی ان منفی اور بیرونی چیزوں کے خلاف کھڑا ہونا ہے۔
اس کے بعد پروفیسر سید محمد رضا شرف الدین اور طلباء کے درمیان ایک ڈسکشن سیشن کا آغاز ہوا جس کے دوران طلباء نے اپنی رائے کا اظہار بھی کیا اور سوالات بھی پوچھے۔












