26

جامعہ درسگاہ امام رضا علیہ السلام کا مختصر تعارف و خدمات

  • News cod : 34336
  • 21 می 2022 - 20:15
جامعہ درسگاہ امام رضا علیہ السلام کا مختصر تعارف و خدمات
مدرسے کی جانب سے ہر ہفتے دینی تعلیم کے حصول کے لیے دین شناسی کے عنوان سے کلاسز منعقد کی جاتی ہیں جو ہر ہفتے اتوار کے دن صبح 9بجے اور دوپہر میں منعقد ہوتی ہیں

حجة الاسلام والمسلمین علامہ محمد زمان مطہری صاحب نے ایک سال پہلے 17 ربیع الاول کو مدرسہ کا افتتاح امام بارگاہ دربارِ حیدر قبو روڈ شھدادکوٹ میں کیا تھا جو بہت ہی کم عرصے میں الحمدللہ اپنی خدمات کے ساتھ فعالیت پہ گامزن ہے۔ اس مدرسے کے آغاز ہی میں تدریس اور ماہانہ کوئز کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا جس میں کافی تعداد میں بچے درس حاصل کر رہے تھے۔ علامہ صاحب بہت ہی بہترین انداز میں شہر اور گرد و نواح کے مومنین کے بچوں کی دینی تعلیم و تربیت پر کام کر رہے تھے، ایک سال کے بعد حجة الاسلام علامہ محمد زمان مطھری نے ماہ صفرالمظفر میں مدرسے کی ذمہ داری اپنے شاگرد مولانا زاہد حسین جعفری کو سونپ دی۔

علامہ محمد زمان مطھری صاحب کی محنت کا نتیجہ ہے کہ اس پسماندہ علاقے میں تعلیماتِ اہل بیتؑ پھیلانے کا سلسلہ بحکم خدا جاری و ساری ہے۔
الحمدللہ مدرسہ بہت سے موضوعات کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے، مدرسہ جن امور پر کام کر رہا ہے انکی فہرست کچھ اس طرح سے ہے:
ماہانہ کوئز کا مقابلہ ماہانہ کوئز کا سلسلہ جس میں شہر اور گرد و نواح کے بچوں کو دین شناسی کے موضوع پر سوال و جواب پر مشتمل ایک کتابچہ دیا جاتا ہے تا کہ بچے دین شناس بنیں اور پوری دنیا میں رول ماڈل کی طرح ابھریں۔
بچے بھی ماشاءاللہ خوب تیاری کرکے بہترین طریقے سے ہر مہینے اس کوئز پروگرام میں حصہ لیتے ہیں۔ کامیاب بچوں کو انعامات سے نوازا جاتا ہے اور علماء کرام کے زیرِ اہتمام تربیتی و اخلاقی دروس منعقد کئے جاتے ہیں تا کہ ہماری نئی نسل دین شناس ہو اور ان میں دینی شعور پیدا ہو سکے۔
مدرسے کی جانب سے ہر ہفتے دینی تعلیم کے حصول کے لیے دین شناسی کے عنوان سے کلاسز منعقد کی جاتی ہیں جو ہر ہفتے اتوار کے دن صبح 9بجے اور دوپہر میں منعقد ہوتی ہیں جس میں بچوں کو بہت ہی اہم موضوعات پر تعلیم دی جاتی ہے جن کے نام یہ ہیں:
۱- احکام
۲- اخلاق
۳- عقائد
۴- تجوید القرآن
۵- تاریخ اسلام

انہی موضوعات پہ خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی خاص توجہ دی جاتی ہے تا کہ ایک بچے کا تعارف معاشرے میں ہو تو وہ ایک متقی اور باکردار شخصیت کا حامل بن کر ظاہر ہو سکے۔ ان شاءاللہ۔
ٹیوشن سینٹر کا اہتمام
مدرسے میں روزانہ کی بنیاد پر ٹیوشن سینٹر کی سہولت بھی رکھی گئی ہے جس میں پانچ دن کلاس ہوتی ہے جس کیلئے شام 3بجے سے 5بجے تک کا وقت مختص کیا گیا ہے، ھفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوتی ہے۔
بچے بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں جس میں انہیں دینی اور دنیاوی تعلیم دی جاتی ہے خصوصاً انگلش، اردو اور خاص طور پہ سندھی زبان جو کہ اس علاقے کی زبان ہے پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔
ٹیوشن سینٹر میں ماہر اساتذہ کرام خدمات انجام دے رہے ہیں۔ الحمدللہ
ترویج مکتب اہلِ بیتؑ آرگنائیزیشن کا قیام
اسی مدرسہ کے تحت کچھ ماہ پہلے ایک تنظیم کو تشکیل دیا گیا جس کا نام ”ترویج مکتب اہل بیتؑ آرگنائیزیشن” رکھا گیا ہے جس کے عہدے داران اور ممبران کافی تعداد میں مبلغین اور نوجوان ہیں جو کہ بہت ہی جوش و خروش سے اپنے اپنے علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس تنظیم کی بدولت ان علاقوں میں تعلیماتِ اہلبیتؑ پہنچائی جا رہی ہے جہاں پر دینی تعلیم یا مجالس و دروس کا انعقاد کرنا بہت مشکل ہے۔
مختلف یونٹس کا قیام
تعلیماتِ اہلبیت علیھم السلام علاقے میں پہنچانے کے لئے اسی تنظیم کے تحت شہر اور گرد و نواح میں تقریباً 10 کی تعداد میں یونٹ کھولے گئے جن کے نام یہ ہیں:
۱: یونٹ مسجد ابوطالب علیہ السلام فیض محمد بروھی محلہ شہدادکوٹ
۲: یونٹ مسجد امیرالمومنین علیہ السلام فیض محمد بروہی محلہ شہدادکوٹ
۳: یونٹ مسجد زین العابدین علیہ السلام مستوئی محلہ شھدادکوٹ
۴: یونٹ گاؤں مینھنوں خان لغاری
۵: یونٹ گاؤں سنجر بھٹی
۶: یونٹ گاؤں ہاشم بھٹی
۷: یونٹ گاؤں حسن بھٹی
۸: یونٹ گاؤں گلبھار خان لغاری
۹: یونٹ گاؤں اللہ بخش لغاری
۱۰: یونٹ گاؤں سکھر واہ چانڈیو
اس کے علاوہ اور بھی یونٹس کھولنے کی کوشش جاری ہے۔
ایام فاطمیہؑ کے سلسلے میں تمام یونٹس پر مجالس عزاء کا باقاعدہ انعقاد کیا گیا تقریباً 10-12 مجالس عزاء منعقد کی گئیں۔ اس کے علاوہ کافی یونٹس میں دعا و مجالس و دروس کا سلسلہ جاری ہے جس میں حدیث کساء، دعائے توسل، دعائے کمیل اور دیگر علمی و اخلاقی پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔ مدرسہ اسی تنظیم کے تحت مومنین تک تعلیمات اہلبیتؑ پہنچا رہا ہے اور آگے بھی اسی طرح یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔ ان شاءاللہ
مدرسہ آپ سب مومنین کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے بہترین معاون و مددگار ثابت ہو رہا ہے اور آگے بھی ہوگا۔ ان شاءاللہ
امید ہے کہ آپ تمام مومنین مدرسے کے اہداف و مقاصد کو آگے بڑھانے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں گے اور امام زمانہؑ کے ایسے مددگار مہیا کرنے میں ممد و معاون ہوں گے کہ جو علم و معرفت سے آراستہ ہوں۔ ان شاءاللہ
یہ مدرسہ مومنین کی خدمت کے لیے ہے اور مومنین کے تعاون سے ہی اپنے اعلیٰ اہداف تک پہنچ سکتا ہے۔ ان شاءاللہ
اللہ رب العزت تمام مومنین و مومنات کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ الہی آمین یا رب العالمین۔
تحریر: مولانا سید محمد علی نقوی آف بھکر

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=34336