9

ہمارا ایران سے ایمان کا رشتہ ہے/آئندہ جنگ میں فتح ہماری ہوگی، شیخ نعیم قاسم

  • News cod : 36164
  • 16 جولای 2022 - 16:22
ہمارا ایران سے ایمان کا رشتہ ہے/آئندہ جنگ میں فتح ہماری ہوگی، شیخ نعیم قاسم
ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ لبنان کے داخلی مسائل کرپشن، اقرباء پروری اور امریکی محاصرے کیوجہ سے ہیں، پس ہمیں ان مسائل اور امریکی ناکہ بندی کیخلاف کھڑا ہونا چاہیئے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے ایران کے ساتھ اپنے تعلق کو اعتقادی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ پہلے سے بہت بدل چکی ہے اور اگر جنگ ہوئی تو فتح ہماری ہوگی۔ حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے نجی چینل کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے لبنان کے تازہ ترین حالات پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس تحریک کا فریضہ جارحین کے خلاف مقاومت اور داخلی مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے لبنان کی خود مختاری کی حمایت ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اگر جنگ ہوئی تو یاد رکھیں کہ حزب اللہ پہلے سے بالکل مختلف ہوچکی ہے، جبکہ دشمن کئی محاذوں پر پسپائی اختیار کرچکا ہے، ایسے میں ان شاء اللہ فتح ہماری ہی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں ہمارا ہونا، نہ ہونے سے بہتر ہے اور موجودہ حالات میں اپوزیشن آگے نہیں بڑھ سکے گی۔ ہم نے اپنی موجودگی کے (Symbolic) انداز کو برقرار رکھا، جس سے ہمارے ملک کی حفاظت ہوئی۔

حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے سوال کے جواب میں شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ جب بھی فوج کو اسرائیل سے مقابلے، لبنان کی حفاظت اور ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید وسائل مہیا کئے جائیں گے، اس وقت ہم حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے کے بارے میں بات کر لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ ایک نایاب جماعت ہے، جو اپنے تجزیے میں بیش بہا معلومات پر اکتفاء کرتی ہے اور یہی وجہ ہمارے فیصلوں کی پختگی کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کا ایران سے ایمان کا رشتہ ہے اور ہم اس تعلق کے ذریعے سے لبنانی مفادات کا اپنے نقطہ نظر سے تحفظ کرتے ہیں۔ شیخ قاسم نے اعلان کیا کہ اگر لبنانی حکومت نہ بنی تو ملک بدتر صورتحال کی طرف جائے گا، انہوں نے موجودہ بحران سے نکلنے کے لیے نئے، آزاد اور 14 مارچ کے نمائندوں سمیت سب سے تعاون کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کے داخلی مسائل کرپشن، اقرباء پروری اور امریکی محاصرے کی وجہ سے ہیں، پس ہمیں ان مسائل اور امریکی ناکہ بندی کے خلاف کھڑا ہونا چاہیئے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=36164