16

قم المقدس میں “سقیفہ سے کوفہ تک” نامی کتاب کی تقریب رونمائی

  • News cod : 38441
  • 15 اکتبر 2022 - 12:08
قم المقدس میں “سقیفہ سے کوفہ تک” نامی کتاب کی تقریب رونمائی
اس موقع پر آغا نذر حافی نے ایک محقق کی خصوصیات، کتاب کے مندرجات اور موضوع کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، 17 ربیع الاول کو جمعۃالمبارک کے مقدس روز حسینیہ بلتستانیہ میں “سقیفہ سے کوفہ تک” نامی کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی۔ یہ کتاب فاضل محقق اشرف سراج گلتری کی تالیف ہے اور تاریخ کا تجزیہ و تحلیل کرنے والوں کیلئے انتہائی اہم دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔ کتاب کی تقریب رونمائی میں حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی، فاضل محقق بشیر دولتی، مولانا محمد علی شریفی، قبلہ ابرا ہیم صابری، مولانا الیاس صابری اور محترم محقق آفتاب چاچڑ سمیت متعدد اہم اور جید شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر حجۃ الاسلام نذر حافی نے ایک محقق کی خصوصیات، کتاب کے مندرجات اور موضوع کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی حقائق کو جاننا اور آزادانہ تجزیہ و تحیل کرنا ہر انسان کا فطری اور پیدائشی حق ہے۔ مسلمانوں کی تاریخ مسلمانوں کیلئے ایک سرمائے کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس قیمتی تاریخ کا مطالعہ اور تجزیہ اختلافات بڑھانے کے بجائے عبرت لینے کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سقیفہ بنی ساعدہ تاریخ اسلام کا ایک مستقل موضوع ہے۔ اس موضوع کو منطقی اور علمی انداز میں پیش کرنے اور اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر جامعہ روحانیت بلتستان کی طرف سے فاضل مولف کو بطورِ انعام ایک ہدیہ بھی دیا گیا۔ ہدیہ دینے کا اعلان مولانا محمد علی شریفی صاحب نے کیا اور یہ ہدیہ جامعہ روحانیت کے صدر مولانا سید احمد رضوی صاحب نے اپنے ہاتھوں سے دیا۔ پروگرام کے آخر میں کتاب کے مولف مولانا اشرف سراج گلتری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=38441