4

اب بھی وقت ہے اقوام متحدہ بڑی طاقتوں کے سامنے جھکنے کے تاثر کو ختم کرے، علامہ ساجد نقوی

  • News cod : 39091
  • 28 اکتبر 2022 - 7:00
اب بھی وقت ہے اقوام متحدہ بڑی طاقتوں کے سامنے جھکنے کے تاثر کو ختم کرے، علامہ ساجد نقوی
اپنے پیغام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ دنیا میں مساوی انسانی و بنیادی حقوق کی فروانی، ملکوں کے درمیان تنازعات کے خاتمے اور بڑی طاقتوں کے مقابلے میں زیر تسلط ممالک کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا اس کی ذمہ داریو ں میں تھا

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا یوم تاسیس ایسے وقت میں آیا ہے جب ایک طرف موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو نہ صرف گھیرے میں لے رکھا ہے بلکہ اس کے پاکستان پر شدید ترین اثرات مرتب ہوئے ہیں، دوسری جانب فلسطینیوں، کشمیریوں سمیت مظلوم طبقات پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے گئے ہیں، 40 سے زائد مرتبہ اسرائیل مخالف قراردادوں کو ویٹو کرکے استعمار نے سینچری آف ڈیل کے نام سے فلسطینیوں پر قبضہ منصوبہ مسلط کردیا، اب بھی وقت ہے کہ اقوام متحدہ اپنے تاسیسی نظریہ کو سمجھے اور بڑی طاقتوں کے سامنے جھکنے کے تاثر کو ختم کرے اور چوروں کے ٹولے میں تبدیل ہونے کی بجائے اپنا ہاؤس ان آرڈر کرکے دنیا کی رہنمائی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے 77ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کیا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پاکستان نے دنیا سمیت خطے کے امن خصوصاً دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور آج بین الاقوامی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نبرد آزما ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس پاکستان کے دشمنوں کے پراپیگنڈے کی وجہ سے آج بھی پاکستان مختلف پابندیوں کا شکار ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور جمہوریت کیلئے بھر پور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، البتہ پاکستان نے جو خدمات دنیا کے امن کیلئے انجام دی ہیں انہیں کسی صورت فراموش بھی نہیں کیا جانا چاہیئے، اقوام متحدہ جن مقاصد کیلئے معرض وجود میں آیا وہ اپنے اس بنیادی فلسفے اور نظریہ سے ہٹ گیا ہے، دنیا میں مساوی انسانی و بنیادی حقوق کی فروانی، ملکوں کے درمیان تنازعات کے خاتمے، مظلوم و محکوم اور پسے ہوئے طبقات کی ترجمانی کرنے کی بنیادی ذمہ داری کے ساتھ بڑی طاقتوں کے مقابلے میں زیر تسلط ممالک کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا اس کی ذمہ داریو ں میں تھا مگر افسوس پوری دنیا میں انسانیت کو پامال کردیا گیا اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتا رہا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=39091