10

سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، زاہد علی آخونزادہ

  • News cod : 42409
  • 12 ژانویه 2023 - 16:26
سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، زاہد علی آخونزادہ
علامہ ساجد نقوی کے ترجمان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ شہداء کے لواحقین کے تحفظات دور کئے جائیں اور ہائی کورٹ کے معزز حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان زاہد علی آخونزادہ نے کہا ہے کہ سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، شہداء کے لواحقین کے تحفظات دور کئے جائیں اور ہائی کورٹ کے معزز حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کمیشن میں سول سروس، جرنلسٹس، سول سائٹی اور مکتب تشیع کا نمائندہ شامل کیا جائے اور اس رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چار مارچ 2022ء جمعة المباک کو مرکزی مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ کو گیارہ ماہ ہونے کے قریب ہیں، شہداء و مجروحین کے ورثاء حکمرانوں سے پوچھ رہے ہیں کہ انہیں انصاف کب مہیا ہوگا؟ ان کے پیاروں کے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو کب تختہ دار پر لٹکایا جائے گا؟ مگر حکمران خاموش ہیں۔ جس سے شہداء کے لواحقین میں بے چینی بڑھ رہی ہے، جس کا ازالہ ضروری ہے۔

ترجمان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ان سوالات کا جواب دیا جائے کہ دہشتگرد کہاں سے آئے؟ دہشتگرد کس کی موٹر سائیکل پر/کس کے رکشے پر آئے؟ قریب علاقوں میں کہاں رات کو قیام کیا؟ انکے سہولت کار کون تھے؟ پشاور میں ان کا کن کن لوگوں سے رابطہ تھا، تمام ذمہ داران کا تعین کرکے ان کو نشان عبرت بنایا جائے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ضرب عضب، ردالفساد جیسے درجنوں آپریشنز کے بعد اس قسم کے دہشتگردی کے واقعات کا رونما ہونا حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اس وقت شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ آخر میں زاہد علی آخونزادہ نے کہا کہ سانحہ پشاور کوچہ رسالدار میں ملوث مجرموں اور انکے سہولت کاروں کی تشخیص کرکے قانون کے حوالے کرتے ہوئے مضبوط پراسیکوشن کے ذریعے مجرموں کو کیفر کر دار تک پہنچایا جائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=42409