11

کراچی میں یکجہتی فلسطین کانفرنس منعقد

  • News cod : 4602
  • 30 نوامبر 2020 - 22:20
کراچی میں یکجہتی فلسطین کانفرنس منعقد
حوزہ ٹائمز|یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد جماعت اسلامی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا۔

حوزہ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کراچی اور فلسطین فاؤنڈیشن کے تحت ادارہ نور حق میں عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے سلسلے میں “یکجہتی فلسطین کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کی۔ کانفرنس میں شرکاء کی جانب سے اعلامیہ پیش کیا گیا کہ پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے فضاء سازگار بنانے والوں کو غدار قرار دے کر ان کے خلاف کارروائی کی جائے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم اور وزارت خارجہ کا مؤقف دورنگی اور منافقت کا عکاس ہے، اگر پوری دنیا بھی اسرائیل کو قبول کرلے، تب بھی ہم قبول نہیں کریں گے۔ کانفرنس میں شاہ نواز فاروقی، تاج حیدر، صابر ابو مریم، قاضی احمد نورانی، مولانا باقر زیدی، محفوظ یار خان، یونس بونیری، اظہر ہمدانی، مولانا عمر صادق، مطلوب اعوان، میجر (ر) قمر عباس رضوی، راؤ کامران، اسرار عباسی و دیگر نے شرکت کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کا سب سے بڑا المیہ قوم پرستی رہا ہے، جس سے عالمی سامراج نے فائدہ اٹھا کر فلسطین میں یہودیوں کو آباد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو حق کی تڑپ، شوق شہادت کے ساتھ جدوجہد کرنا ہوگی اور امت مسلمہ میں موجود تقسیم کو ختم کرنا ہوگا، پاکستان نظریاتی ملک ہے، ہم اسرائیل کی ناجائز ریاست کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، کسی بھی ملک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرلینے سے حق و باطل مٹ نہیں سکتا۔ شاہ نواز فاروقی نے کہا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد حق کی گواہی کا مظہر ہے۔ تاج حیدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل جیسے ناپاک وجود کو تسلیم کرنے والوں کی باتیں فلسطین کے خلاف ظلم کو تقویت دینے کے مترادف ہے، عالمی سامراج کے خلاف جنگ کرنا ہوگی۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ اسرائیلی فلسطینیوں پر ظلم ڈھا رہے ہیں اور فلسطینی بے یار و مددگار اور بے گھر ہوچکے ہیں۔ قاضی احمد نورانی نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا فلسطینیوں کی 3 نسلوں کے خون سے غداری ہے۔ مولانا باقر زیدی نے کہا کہ ہمیں متحد اور متفق ہوکر آگے بڑھ کر اقدامات کرنے ہوں گے اور یہی طریقہ کشمیر کے حوالے سے اپنانا ہوگا۔ علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن سے معذور گریجویٹ افراد کے وفد نے محمد ذاکر کی قیادت میں ملاقات کی اور معذوروں کے سرکاری ملازمتوں کے کوٹے کے لئے کی گئی قانونی و عدالتی جدوجہد پر پبلک ایڈ جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=4602