وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق۔ وائس آف نیشن فورم کے آنلائن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ امور خارجہ کے مسئول ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ پارہ چنار کے شیعہ قبائل نے ہمیشہ اپنی حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے، اب یہ ریاستی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھی حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم اساتذہ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے شیعہ مومنین نے ہمیشہ بصیرت اور دانائی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی طرف سے قصاص کا مطالبہ ملکی قانون اور دین اسلام کے عین مطابق ہے۔ ان کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان اپنے قیام سے لے کر آج تک پارہ چنار کے مظلومین کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے اس پر بھی روشنی ڈالی کہ پارہ چنار جیسے حساس خطے میں اگر محب وطن شیعہ قبائل نہ ہوتے تو اس بارڈر کی حفاظت ممکن ہی نہیں تھی۔ سیشن کے میزبان منظور حیدری نے سیشن کے اراکین کو بھی سوال کرنے کا موقع دیا اور سیشن کی کارروائی کا خلاصہ بھی پیش کیا۔ خلاصہ پیش کرتے ہوئے منظور حیدری نے کہا کہ مظلوم اساتذہ کا قتل کسی مہذب قبیلے یا اہل سنت مسلمانوں کا فعل نہیں ہے۔ قاتلوں کو اہل سنت کہہ کر ان کی پشت پناہی کی جا رہی ہے۔ جو حقیقی اہل سنت ہیں، وہ بے گناہ لوگوں کے قتل کو جائز نہیں سمجھتے۔ انہوں نے قاتلوں کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کرنے اور قصاص لینے پر زور دیا۔












