5

6 جولائی، عادلانہ نظام کے قیام اور عوامی و بنیادی حقوق کی پاسداری کا یوم ہے، علامہ ساجد نقوی

  • News cod : 48520
  • 05 جولای 2023 - 9:21
6 جولائی، عادلانہ نظام کے قیام اور عوامی و بنیادی حقوق کی پاسداری کا یوم ہے، علامہ ساجد نقوی
اپنے پیغام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ 6 جولائی کا دن یوم تجدید ِعہد ہے کہ عوام کے ساتھ معاشرے کے سنجیدہ طبقات ایک بار پھر نئے حوصلے اور نئے جذبے کے ساتھ اپنے حقوق کی جدوجہد تیز کریں اور پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی، فلاحی، جمہوری ریاست بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے علامہ سید ساجد علی نقوی نے 5 جولائی 1977ء کے مارشل لاء کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر حسب روایت اس روز پاکستان مارشل لاء کی لپیٹ میں آیا جس کی تباہ کاریاں آج تک ملک بھگت رہا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے 6 جولائی “یوم فقہ جعفریہ“ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مشہور مقولہ ہے ”ہرکہ آمد عمارت نوساخت “ جو بھی آیا اُس نے نئی عمارت تعمیر کی، ملک میں جب اسلامائزیشن کا نعرہ لگا تو تاریخ کے تلخ تجربات کے تحت ہر طبقہ فکر میں یہ تشویش پیدا ہوئی کہ کسی خاص برانڈ کا اسلام نافذ نہ ہو جائے، اسی تشویش کو چھ جولائی 1980ء کے پروقار، مہذب و قانونی احتجاج نے جہت اور راستہ دیا، یہ احتجاج عوام کی اس تشویش کو راستہ دینے کی کوشش تھی اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ حکمرانوں کو بھی باور کرانا تھا کہ مسلم اسکالرز، محققین، مجتہدین اور فقہاء کی علمی و تحقیقی کاوشوں سے استفادہ کرکے اور جدید دور کے تقاضوں پر تطبیق کرکے ایسا عادلانہ نظام نافذ کیا جائے جو دنیا کے لئے ایک نمونہ قرار پائے اور جو انتہا پسندی، فرقہ واریت، تعصب اور مسلکیت سے بالاتر ہو۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ 6 جولائی کا دن عادلانہ نظام کے قیام اور عوام کے اُن جائز حقوق کے حصول کا دن ہے جو آئین نے تمام مکاتب فکر کو دیئے ہیں، یہ دن وحدت امّہ کے لئے سنگ میل ہے اور اس دن تمام مسالک اور مکاتب کے درمیان ایک دوسرے کے عقائد و نظریات اور رسوم و عبادات کے احترام کا دائرہ کار واضح اور مشخص کیا گیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا کہ افسوس آج تک ملک کے تمام مکاتب فکر و مختلف نکتہ نظر رکھنے والوں کے حقوق کا خیال نہیں رکھا جارہا اور پرامن صدائے احتجاج کو بھی روکنے کے لئے ظالمانہ انداز اختیار کئے جاتے ہیں، 6 جولائی کا دن یوم تجدید ِعہد ہے کہ عوام کے ساتھ معاشرے کے سنجیدہ طبقات ایک بار پھر نئے حوصلے اور نئے جذبے کے ساتھ اپنے حقوق کی جدوجہد تیز کریں اور پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی، فلاحی، جمہوری ریاست بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=48520