وفاق ٹائمز، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی ایک روزہ تنظیمی دورے پر صحبت پور پہنچے اور امام بارگاہ موجن شاہ میں تنظیمی ذمہ داران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم صحبت پور کے ضلعی صدر سید شاہد حسین شاہ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری غلام حسین، شیخ سید محسن علی شاہ، سید عارف حسین شاہ و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں ملت جعفریہ کے جائز قانونی حقوق کے حصول کے لئے مصروف جدوجہد ہے۔ اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المومنین ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
ہم پاکستان کے معزز اور باوقار شہری کی حیثیت سے مذہبی آزادی اور اپنے جائز قانونی حقوق چاہتے ہیں۔ عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی آئینی حق ہے۔ جس پر قدغن کسی صورت قبول نہیں۔ صحبت پور میں جلوس چہلم شہدائے کربلا پر پابندی ناقابل قبول ہے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر صحبت پور مہران بلوچ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے جلوس عزاء کے سلسلے میں گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت جلوس اربعین امام حسین علیہ السلام میں رکاؤٹ ہٹاتے ہوئے آئندہ سال سے پہلے یہ مسئلہ حل کرے۔