وفاق ٹائمز، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کا کہنا ہے کہ ملک کی مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بات ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ہفتے کے روز پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے نام ایک پیغام میں کہی۔
جنرل باقری نے جمعہ کے روز پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں دو مساجد پر وحشیانہ دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی، جن میں کم از کم 60 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوئے۔
انہوں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے یوم ولادت کی تقریبات میں شرکت کرنے والے معصوم شہریوں کو نشانہ بنائے جانے پر تسلیت کا اظہار کیا۔
جنرل باقری نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج اور سیکورٹی ایجنسیاں مجرموں کی جلد شناخت کرکے انہیں گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گی۔
تاہم ابھی تک کسی فرد یا دہشت گرد گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ متعدد افراد شدید زخمی ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔