11

فلسطین کو فراموش کرنا قرآن و اہلبیتؑ سے روگردانی ہے، آئی ایس او

  • News cod : 51235
  • 15 اکتبر 2023 - 12:28
فلسطین کو فراموش کرنا قرآن و اہلبیتؑ سے روگردانی ہے، آئی ایس او
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی کنونشن کے دوسرے روز کی سہ پہر قرآن و اہلبیتؑ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

وفاق ٹائمز، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی کنونشن کے دوسرے روز کی سہ پہر قرآن و اہلبیتؑ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما آغا علی رضوی، علامہ حسنین گردیزی، آیت اللہ غلام عباس رئیسی، علامہ شبیر بخاری اور مرکزی صدر حسن عارف نے خطاب کیا۔ اس موقع پر معروف منقبت خواں علی صفدر رضوی نے بھی ترانہ شہادت پیش کیا۔ مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم ہماری ریڈ لائن ہے، مغربی ممالک کو توہین قرآن کے مرتکب افراد کو عبرتناک سزا دینا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس او پاکستان کا قافلہ عزم و جرات کیساتھ بیداری اور انقلاب اسلامی کی طرف رواں دواں ہے۔ امام خمینیؒ نے ملت میں وحدت اور بیداری کا شعور پیدا کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں کا ناکام بنانا ہے تو اُمت کو متحد ہونا ہو گا۔ امت مسلمہ کے مسائل کا حل قرآن و اہلبیت کی تعلیمات میں مضمر ہے۔ اگر امت مسلمہ قرآن کریم پہ عمل پیرا ہو کر متحد ہو جائے تو اسرائیل نیست و نابود ہو جائے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آج ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ فلسطین کے معاملے میں صدائے احتجاج بلند کرے، جس طرح حلال اور حرام کو بدلنا جائز نہیں، اسی طرح مسئلہ فلسطین کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے، کیونکہ اس کو فراموش کرنا قرآن اور اہلبیتؑ کی تعلیمات کیخلاف ہے۔ صہیونی عالم اسلام کو اپنے کنٹرول میں لینے کیلئے فلسطین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان حالات میں ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کوشش کرے۔

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر حسن عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمات قرآن اور سیرت اہلبیتؑ کی پیروی آئی ایس او کا نصب العین ہے آئی ایس او کا ہر کارکن محافظ قرآن اور پیروئے اہلبیت ہے۔ آئی ایس او کے تین روزہ کنونشن کا اختتام کل ہو گا کنونشن کی آخری نشست میں مرکزی صدر کا انتخاب اور اعلان ہو گا، جس کے بعد مال روڈ پر ریلی نکالی جائے گی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=51235