وفاق ٹائمز ، تحصیل پروآ کی معروف سیاسی شخصیت، جمعیت علماءاسلام(ف) کے تحصیل امیر اور سابق تحصیل ناظم پروآ سردار امتیاز خان بلوچ مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ”ہدیہ تعزیت و عقیدت یاد رفتگان“ کے عنوان سے بزم ہم خیال ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر مرحوم سردار امتیاز خان بلوچ کے فرزند سردار اعزاز حیدر خان بلوچ، سابق صوبائی وزیر عبدالحلیم خان قصوریہ،علامہ محمد رمضان توقیر مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان، پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ڈویژنل صدر امان الحق غزنی خیل‘ دلنواز خان، ڈی ایف او وائلڈ لائف سجیل خان بلوچ، ایس پی ریٹائرڈ حشمت علی شاہ، سٹی صدر پاکستان پیپلز پارٹی سجاد شیرازی، ظفر درانی سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
شیعہ علما کونسل پاکستان کے نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم وفات کے بعد بھی عزت و تکریم کا مستحق ہے۔وہ سب کا احترام کرتے اور سب سے برابر تعلق رکھتے تھے۔وہ اسی خراج تحسین کے حق دار ہیں۔امید ہے سجیل خان اور اعزاز حیدر ان کی پیروی کریں گے۔
سردار امتیاز بلوچ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں مقررین نے انکی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سردار امتیاز بلوچ نے سیاست کو عوامی خدمت سمجھتے ہوئے ہر دور میں عوامی مسائل کے حل کو اپنی پہلی ترجیح سمجھا۔
ان کی انہی عوامی خدمات کا نتیجہ ہے کہ نہ صرف ان کی نماز جنازہ میں پاکستان بھر سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی بلکہ آج ان کی یاد میں منعقد کیے گئے اس پروگرام میں عوام کی کثیر تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ایک نیک اور اچھے انسان تھے۔
مقررین اور محفل کے شرکاءنے امتیاز بلوچ کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے حق میں دعائے مغفرت کی جبکہ اس موقع پر امتیاز خان بلوچ مرحوم کے فرزند اعزاز حیدر خان بلوچ کی دستار بندی کروائی۔ جبکہ اعزاز خان بلوچ نے تمام شرکاء بالخصوص اہتمام کرنے پر دلنواز خان کا شکریہ ادا کیا۔












