3

شکار پور ضلع میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش ہے، علامہ مقصود ڈومکی

  • News cod : 51592
  • 26 اکتبر 2023 - 21:08
شکار پور ضلع میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش ہے، علامہ مقصود ڈومکی
مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع شکار پور کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت پریس کلب میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔

وفاق ٹائمز، مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع شکار پور کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت پریس کلب میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار، جماعت اسلامی کے رہنماء مشتاق سھندڑو، شکار پور بچاؤ تحریک کے سابقہ چیئرمین میاں ظفر علوی، نون لیگ رہنماء دوست محمد چانڈیو، معروف سیاسی رہنماء عامر عباس سومرو، قوم پرست رہنماء عبدالسمیع بلالی، جئے سندھ محاذ کے رہنماء اسد اللہ سومرو، اعجاز کاکیپوٹو و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شکار پور ضلع میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش ہے۔ ڈاکوؤں کی جانب سے دن دھاڑے کوٹ شاھو تھانے کے عملے کو یرغمال بنا کر ایس ایچ او اور سپاہیوں کو اغواء کیا گیا۔ بدامنی، اغواء اور لوٹ مار روز کا معمول بن چکا ہے۔ پھر بھی ایس ایس پی شکار پور خالد کورائی کہتے ہیں کہ شکار پور میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔

ایس ایس پی نے دہشت گردوں کے ہٹ لسٹ پر موجود شیعہ علماء، اکابرین اور شہداء کے کیسز کی پیروی کرنے والے ورثاء اور وکیل کی سیکیورٹی کلوز کی گئی ہے۔ ہمارے علماء یا کیسز کے مدعی گواہ وارثان شہداء اور وکیل کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری ایس ایس پی شکار پور پر عائد ہوگی۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ سندھ حکومت ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا اعلان کر چکی ہے۔ رینجرز کی درجنوں گاڑیاں قطار اندر قطار کچے میں آپریشن کے لئے آئیں، مگر آج بھی امن و امان کی صورتحال ابتر ہے۔ تھانے محفوظ ہیں نا پولیس، عوام کی جان و مال غیر محفوظ ہے۔ ڈاکوؤں کا منظم نیٹ ورک آج بھی سندھ کے امن کے لئے خطرہ ہے۔ وزیر داخلہ، آئی جی پولیس اور ڈی جی رینجرز سندھ کے عوام کو کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف ہونے والے آپریشن میں ہونے والی پیش رفت سے عوام کو آگاہ کریں۔ اس موقع پر ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار نے کانفرنس کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں کو متحد ہو کر شکار پور کا کھویا ہوا امن بحال کرنا ہوگا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=51592