وفاق ٹائمز ، پاکستان سے زیارت پر تشریف لائے ہوئے وفود نے مرجع مسلمین وجہانِ تشیع آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیرحسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں آیت اللہ العظمی بشیر نجفی نے زائرین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زیارت کرنے کے بعد اس دنیا میں آپ کو کیسے پتا چلے کہ آپ کی زیارت قبول ہو گئی ہے۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیارت کے بعد آپ کے کردار میں مثبت تبدیلی کا آنا آپ کی زیارت کی قبولیت کی علامت ہے۔اگر آپ کے کردار میں مثبت تبدیلی آگئی ہے تو آپ یہ سمجھیں کہ آپ کی زیارت قبول ہو گئی ہے۔
مزید برآں انہوں نے کہا اگر آپ سے لوگ سوال کریں کہ زیارت کے بعد آپ کے کردار میں تو مثبت تبدیلی آگئی ہے، پہلے آپ ایسے نہیں تھے ،اب تبدیل ہو کر آئیں ہیں۔آپ کو کس نے بدلا؟ تو آپ کہیں مجھے اس حسین علیہ السلام نے بدلا جس نے حضرت حر علیہ السلام کو بدلا ۔جس نے حر علیہ السلام کو جنت کے باغوں میں پہنچا دیا مجھے اس حسین علیہ السلام نے بدلا۔
آخر میں انہوں نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ ضرورت اس بات کی ہے زیارت کے بعد ہمارے کردار میں مثبت تبدیلی پیدا ہو تاکہ ہمیں معلوم ہو سکے کہ ہماری زیارت قبول ہو گئی ہے۔
دوسری جانب آئے ہوئے وفود نے قیمتی وقت دینے پر مرجع دینی آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔