9

شہزادہ علی اکبر علیہ السلام کی ذات جوانوں کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

  • News cod : 53863
  • 21 فوریه 2024 - 16:01
شہزادہ علی اکبر علیہ السلام کی ذات جوانوں کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آل ابراھیم اور آل محمد علیہم السلام کو عالمین پر منتخب کرکے افضل بنایا۔ جنہوں نے دین خدا کی سربلندی کے لئے ہجرت و جہاد اور ایثار و قربانی کا راستہ منتخب کیا۔

وفاق ٹائمز، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل ابراھیم اور آل محمد علیہم السلام نے دین خدا کی سربلندی کے لئے ہجرت و جہاد اور ایثار و قربانی کا راستہ منتخب کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد اقصٰی گنداواہ میں ایم ڈبلیو ایم ضلع جھل مگسی کے زیر اہتمام منعقدہ محفل جشن میلاد معصومین و حضرت علی اکبر علیہم السلام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری ایم ڈبلیو ایم بلوچستان علامہ سہیل اکبر شیرازی، ضلعی صدر حبیب اللہ دھکڑ، ضلعی صدر مجلس علمائے مکتب اہل بیت مولانا علی نواز عرفانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت علی اکبر علیہ السلام سیرت و صورت میں شبیہ پیغمبر اکرم (ص) تھے۔ اپنے پاکیزہ کردار اور سیرت کے باعث حضرت علی اکبر علیہ السلام کی ذات گرامی ہر دور کے نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آل ابراھیم اور آل محمد علیہم السلام کو عالمین پر منتخب کرکے افضل بنایا۔ جنہوں نے دین خدا کی سربلندی کے لئے ہجرت و جہاد اور ایثار و قربانی کا راستہ منتخب کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ آج بھی انبیاء کرام علیہم السلام کی سرزمین فلسطین میں غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے مظالم جاری ہیں۔ جس پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی شرمناک عمل ہے۔ حماس اور جہاد اسلامی فلسطین کے مجاہدین قبلہ اول، مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ فلسطین کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پوری امت مسلمہ کو ان کا ساتھ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ صبر و استقامت کی عملی تصویر بن چکا ہے، جو دین خدا اور قبلہ اول کی آزادی کی راہ میں 28 ہزار سے زیادہ شہداء پیش کر چکا ہے۔ مظلوم فلسطینی شہداء کا خون غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی نابودی کا سبب بنے گا۔ انصار اللہ یمن، حزب اللہ لبنان اور حشد الشعبی عراق حماس کے شانہ بشانہ تحریک آزادی فلسطین کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=53863