3

دو برس گزرنے کے باجود سانحہ پشاور کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر افسوس ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان

  • News cod : 54305
  • 05 مارس 2024 - 13:46
دو برس گزرنے کے باجود سانحہ پشاور کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر افسوس ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کادو سال قبل پشاور مسجد میں دھماکے کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر اظہار افسوس

وفاق ٹائمز، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے سانحہ 4 مارچ 2022 کو پشاور مسجد میں دھماکے کے دوبرس گزرنے کے باوجود قاتلوں کی عدم گرفتاری اور تاحال بعض شہدا کے ورثا کو معاوضہ میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے ورثا کے مطالبے کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ واقعہ کے اصل محرکات منظرعام پر لا کر واقعہ میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔

شہدائے پشاور کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے بیان میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا انصاف کا تقاضا تھا کہ حکمران عوام کی پہلے ہی داد رسی کرتے اور ورثا کے مطالبات سے پہلے ہی واقعے کے محرکات سے پردہ ہٹا کر دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے تاکہ آئندہ وطن عزیز میں اے پی ایس کے طالب علم، پولیس لائن اور دیگر سیکورٹی اداروں سمیت مساجد ، مدارس اور شخصیات کو دہشت گردی کا شکار ہونے سے بچایا جا سکتالیکن تاحال دہشت گردی کا شکار بعض شہدا کے خانوادوں، زخمیوں کو معاوضہ تک نہ ملنا اور سانحہ 4 مارچ 2022 کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے عدم قیام سے ثابت ہوتا کہ جب حکمران عوام کے تحفظ کے ضامن نہ بنیں اور قاتلوں سے چشم پوشی کریں تو عوام کو انصاف کون دے گا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ورثا شہدا کے مطالبات کی تائید کرتے ہوئے حکمرانوںسے اس ضمن میں فوری اقدام کا مطالبہ کرتے ہوئے شہدا پشاور کے خانوادوں سے ان کے عزیزوں کی دوسری برسی پر تعزیت کی اور شہدا کی درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی فرمائی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=54305

ٹیگز