6

اسلام نے خواتین کو بلند ترین مقام عطا کیا غزہ و کشمیر کی خواتین حقوق سے محروم ہیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان

  • News cod : 54340
  • 08 مارس 2024 - 13:25
اسلام نے خواتین کو بلند ترین مقام عطا کیا غزہ و کشمیر کی خواتین حقوق سے محروم ہیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان
آئین،قانون، سماجی و معاشرتی دائرے میں ہر احتجاج، مارچ بلا تفریق سب کا حق، اسلام نے خواتین کو بلند ترین مقام عطا کیا، ہر دور کی خواتین کیلئے مثالی کردار حضرت فاطمہ ہیں

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں مارچ، احتجاج، حقوق کیلئے آواز بلند کرنا بلا تفریق سب کا حق ہے جو کسی صورت اور کسی طور پر سلب نہیں کیا جاسکتا البتہ آئین، قانون اور سماجی، معاشرتی و مذہبی اقدارکو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے کیونکہ ہر معاشرے کے اپنی حدود و قیود ہوتی ہیں، اسلام نے خواتین کو بلند مقام عطا کیا، ہر دور کی خواتین کیلئے مثالی کر دار پیغمبر اکرم کی دختر حضرت فاطمةالزہرا ہیں جنہوں نے اپنے دور میں کر دار اور سیرت کے ذریعہ ایسے اصول اور نقوش چھوڑے ہیں جو تاابد ہر دور کی خواتین کیلئے ہر پہلو سے مشعل راہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم خواتین پر اپنے پیغام اور ملک کے مجموعی حالات، خواتین کو درپیش مسائل خصوصاً شہری آزادیوں ، آئے روز تشدد و دیگر برائیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اس عالمی دن پر غزہ و کشمیر کی مظلوم خواتین کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کیا ۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ مارچ ، احتجاج، حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کا حق نہ صرف آئین پاکستان نے ہر فرد کوحاصل ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور تمام مہذب معاشروں و مذاہب میں بھی ایسی کوئی قدغن نہیں البتہ ہر معاشرے ، سماج کے اپنے اصول، اپنی حدود ، اپنی روایات و معاشرتی اقدار ہیں جنہیں مدنظر رکھا جانا ضروری ہے۔ جہاں تک عالمی یوم خواتین سے متعلق چارٹرڈ آف ڈیمانڈ ہے ان میں بہت سے ایسے مطالبات ہیں جنہیں غیر ضروری یا غیر اہم نہیں قرار دیا جاسکتا جہاں تک شہری آزادیوں کا معاملہ ہے ہم روز اول سے ان بے جا پابندیوں کیلئے آواز اٹھاتے چلے آرہے ہیں البتہ جس طرح کی سوشل میڈیا پوسٹس، بینرز منظر عام پر آتے رہے ہیں وہ معاشرے ، مشرقی روایات کے ساتھ خود شہری آزادیوں سے متصاد م ہوتے ہیں جس میں اصلاح کی ضرورت ہے کیونکہ انتہاء پسندی جس بھی شکل میں ہو وہ معاشرے میں اصلاح کی بجائے بگاڑ پیدا کرتی ہے اور قابل مذمت ہے۔

اس موقع پر انہوں نے مظلوم فلسطین خصوصاً غزہ اور ہمسائیہ ملک بھارت میں مسلم خواتین کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک ، کشمیر میں خواتین کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پوری عالم انسانیت خصوصاً تمام خواتین کو کشمیر و فلسطین کی مظلوم خواتین کے ساتھ بھی آج کے روز اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان جرات مند مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے جو تمام مظالم سہنے کے باوجود آج بھی ظلم و جبر کے سامنے ڈٹی ہوئی ہیں۔انہوںنے مزید کہاکہ غزہ کی مائوں، بہنوں، بیٹیوں، صحافی خواتین، ڈاکٹرز خصوصاً گائنی سے تعلق رکھنے والے عملہ نے جس جرات و بہادری اور جوانمردی کی مثالیں قائم کیں وہ رہتی دنیا تک یا د رکھی جائیں گی، افسوس عالمی یوم خواتین منانے والوں کویہ مظلوم خواتین، شیر خوار بچے اور ایسی جرات مند خواتین نظر نہیں آتیں جو ان کے دہرے معیار کی واضح اور روشن دلیل ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=54340

ٹیگز