4

صراط المستقیم مشکل مگر عمل کرنے والا کامیاب ہوتا ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

  • News cod : 55783
  • 24 می 2024 - 15:54
صراط المستقیم مشکل مگر عمل کرنے والا کامیاب ہوتا ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
ایران نے انقلاب اسلامی کے بعد بہت مشکل دن دیکھے ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ کو بم دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ وزیراعظم اور صدر شہید ہو گئے۔ لوگ امام خمینی کے پاس آئے اور کہا کہ اہم شخصیات شہید کر دی گئی ہیں۔ تو آپ نے تسلی دی اور کہا اللہ کو جن سے پیار ہوتا ہے انہیں جلد اٹھا لیتا ہے

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعة المنتظر لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صراط المستقیم کٹھن اور مشکل مگر جو بھی اس پر عمل کرتا ہے کامیاب ہو جاتا ہے۔ صراط مستقیم کا مطلب معاملات زندگی کو قرآن و حدیث اور سیرت معصومین کے مطابق گزارنا ہے۔ امانت میں دیانت، واجباتِ کی ادائیگی اور محرمات سے بچنا ہی صراط مستقیم ہے۔ قرآن مجید صراط مستقیم کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور اس پر عمل کرنے والے پر نعمتیں نازل ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا شہادت نعمت الٰہی ہے۔ ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھی شہادت کی نعمت سے سرفراز ہوئے ہیں۔ ایران نے انقلاب اسلامی کے بعد بہت مشکل دن دیکھے ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ کو بم دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ وزیراعظم اور صدر شہید ہو گئے۔ لوگ امام خمینی کے پاس آئے اور کہا کہ اہم شخصیات شہید کر دی گئی ہیں۔ تو آپ نے تسلی دی اور کہا اللہ کو جن سے پیار ہوتا ہے انہیں جلد اٹھا لیتا ہے۔

آیت اللہ حافظ سید ریاض نجفی نے کہا جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیا گیا۔ ان کا کام جنگ لڑنا نہیں تھا، وہ دوسرے ممالک سے معاملات حل کرواتے تھے۔ شام کی حکومت قاسم سلیمانی کی پالیسی کی وجہ سے محفوظ رہی۔ عراق اور شام سے داعش کا خاتمہ کیا۔ لبنان اور یمن کے مجاہدین کی بھی مدد کی۔ انہوں نے کہا ایرانی صدر کی شہادت کا واقعہ افسوسناک ہے،انہوں نے صدر منتخب ہونے کے بعد انقلابی اقدامات کئے۔ انہوں نے معیشت کی مضبوطی کے لیے رشوت اور کرپشن کا خاتمہ کیا۔ ان کا کہنا تھا غزہ جنگ میں ابراہیم رئیسی نے فلسطینی عوام کی مدد کی اور عالمی سطح پر آواز اٹھائی۔ شہید صدر ایران کی سفارتی کاوشوں اور فلسطینیوں کی مقاومت سے آج یورپی ممالک فلسطین کو مستقل ریاست کے طور پر تسلیم کر رہے ہیں۔

آیت اللہ حافظ سید ریاض نجفی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہماری ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی سطح پر وقعت نہیں رہی۔ ہم بیرون ملک میں صفائی ستھرائی کا خیال نہ کرنیوالے اور ملاوٹ کرنیوالے مشہور ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اہل بیتؑ کو ماننے کے ساتھ ہمیں ان کی سیرت پر بھی عمل کرنا چاہیے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=55783

ٹیگز