وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ مرید حسین نقوی نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ رحمة اللہ علیہ کی اسرائیل کے حملے میں شہادت پر افسوس کا اظہار اور امریکی سرپرستی میں ہونیوالے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید قدس کا خلا پورا نہیں کیا جا سکے گا۔عالم اسلام ایک مجاہد عالم دین سے محروم ہو گیا ہے۔
ہم رہبر معظم آیت اللہ علی خامنہ ای، حزب اللہ کے کارکنان و رہنما اور شہید مقاومت کے خانوادے سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا کہ سید حسن نصراللہ اپنے جد امجد حضرت امام حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہادت کے درجے پر فائز ہوئے ہیں۔
ان شاءاللہ شہید کا خون بیت المقدس کی آزادی کا موجب بنے گا۔ کوئی شک نہیں کہ قاسم سلیمانی، اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے واقعہ کے بعد تحریک آزادی قدس کو حسن نصر اللہ کی شہادت سے ایک بڑا نقصان ہوا ہے، لیکن فلسطین کی آزادی کی تحریک رکے گی نہیں، ہم دعاگو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مجاہدین فلسطین کو جلد آزادی کی خوشخبری ملے گی۔












