وفاق ٹائمز، حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاو ن میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ شہید کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر اور جامعتہ المنتظر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی، مولانا ضیا الحسن نقوی ، سمیت علماءکرام اور طلبا شریک ہوئے۔
تعزیتی بیان میں سیکرٹر ی جنرل وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ محمد افضل حیدری نے کہا سید حسن نصراللہ اپنے جد امجد حضرت امام حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہادت کے درجے پر فائز ہوئے ہیں۔ان شاءاللہ شہید کا خون بیت المقدس کی آزادی کا موجب بنے گا ۔مرد مجاہد مدافع اسلام فرزند علی آپ صرف فلسطین اور غزہ کے مظلوموں کو نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کویتیم کرگئے۔اسلام کتنا عظیم مکتب ہے جس کے دفاع کے لئے ایسی عظیم ہستیاں قربان ہورہی ہیں ۔ان کا کہنا تھا سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد جو بھی قیادت آے گی اسرائیل کے لئے موت بن کرآئے گی۔
سینئر نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ سید مرید حسین نقوی نے حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا سید حسن نصراللہ لشکر اسلام کا عظیم لیڈرتھا، جو فلسطینیوں کا دفاع کرتے ہوئے شہیدہوگیا۔
قرآن خوانی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ضیا الحسن نقوی نے کہا کہ انسان ضروری نہیں کہ زندہ رہے تو اسے کامیابی ملتی بلکہ مرنے کے بعد بھی کامیابی ملتی ہے۔ یہ کامیابی اہل بیت اطہار زندگی میں بہت واضح نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا حضرت امام حسین علیہ السلام کی کربلامیں شہادت کامیابی کی بہترین مثال ہے کہ وہ اور ان کا مشن آج بھی زندہ ہیں۔کیونکہ قران کے مطابق شہید زندہ ہوتے ہیں وہ اللہ کی طرف سے رزق پاتے ہیں ، مگر ہم شعور نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ سیدحسن نصر اللہ کی شہادت سے سے مقاومت ختم نہیں ہوگی۔