وفاق ٹائمز، علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے پارا چنار سے سیکورٹی فورسز کے حصار میں پشاور جانے والے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی متعدد شہادتوں پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی سرپرستی میں جانے والے قافلے پر فائرنگ قابلِ تشویش ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پارا چنار میں تسلسل کے ساتھ حالات خراب کیے جارے ہیں، پارہ چنار پاکستان کا غزہ بنا ہوا ہے اور خوارجی دہشتگرد آزاد اور دن دہاڑے دہشتگردانہ کاروائیاں کر رہے ہیں۔
امام جمعہ سکردو نے مزید کہا کہ سیکورٹی اداروں کی سرپرستی میں جانے والے قافلے پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کرنا سیکورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے پاکستان آرمی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاک فوج کو متنبہ کرتا ہوں کہ دہشتگردوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کر کے ان کا قلع قمع کرے، جب عوام کانوائے میں بھی محفوظ نہیں تو یہ سیکورٹی اداروں کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کل نمازِ جمعہ کے بعد نمازیوں سے احتجاجی مظاہرے میں بھر پور انداز میں شرکت کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔