وفاق ٹائمز ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کرم میں موجودہ امن و امان کے صورتحال پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری اور دیگر سیاسی و سماجی فلاح و بہبود کی تنظیموں کے سربراہان سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔
جس میں ضلع کرم میں امن و امان کی بحالی بالخصوص پاراچنار پر مسلط کردہ جنگ اور راستوں کی بندش کے حوالے سے اشیائے ضروریات زندگی و طبی امداد باہم پہنچانے کے لیے اقدامات اور زخمیوں کی جنگ زدہ علاقوں سے جلد منتقلی کے سلسلے میں حکومتی و نجی کاوشیں شامل تھیں۔
قائد محترم نے ان اقدامات کو سراہا اور ضلع کرم میں جنگ بندی، زخمیوں کی فوری طبی امداد اور جنگ زدہ علاقوں کی عوام کے لیے بحالی کے اقدامات کو جلد شروع کرنے کے لئے رہنمائی و ہدایات دیں۔
اس موقع پر قائد محترم نے ضلع کرم میں امن کی بحالی اور شہداء کی بلندی درجات کی دعا بھی کی۔












