30

شیعہ سنی کے درمیان سحری کے وقت میں کوئی فرق نہیں ہے،آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

  • News cod : 60538
  • 16 مارس 2025 - 20:34
شیعہ سنی کے درمیان سحری کے وقت میں کوئی فرق نہیں ہے،آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
ہر حاجت اور ہر فرض کی چابی دعا ہے۔ سب نعمتیں اور رحمتیں اللہ کے پاس ہیں اور ان کو حاصل کرنے کا وسیلہ دعا ہے

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ، وفاق المدار س الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے واضح کیا کہ اہل تشیع اور برادران اہل سنت کے درمیان سحری کے وقت میں کوئی فرق نہیں ہے، ایک ہی وقت ہے۔ صبح صادق تک سحری کر سکتے ہیں جبکہ افطار کے وقت میں دس منٹ کا فرق ہے چونکہ قرآن مجیدمیںروزہ کو رات تک پورا کرنا کا حکم دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے روزے ایسے ہی فرض کیے ہیں جیسے کہ پہلی امتوں پر فرض کیے گئے تھے ۔اگر نہیں رکھیں گے تو گناہگار ہوں گے۔ البتہ اگر کوئی شخص مریض ہویا مسافر تو اسے یہ سہولت حاصل ہے کہ وہ روزہ نہ رکھے اور رمضان المبارک کے بعد ان روزوں کی قضا کوپورا کرے۔

جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعة المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نے ایمان کی محبت اپنے دل میں پیدا کرنے، کفر ، فسق اور نافرمانی نہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد گرامی ہے کہ میں تمہارے قریب ہوں۔ اللہ تعالیٰ اور اس کا رسول جب بھی پکاریںتو فوری جواب دینا چاہیے تاخیر نہیں کرنی چاہیے ۔ حافظ ریاض حسین نجفی نے کہا کہ صیام کی آیات کے دوران دعا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہر حاجت اور ہر فرض کی چابی دعا ہے۔ سب نعمتیں اور رحمتیں اللہ کے پاس ہیں اور ان کو حاصل کرنے کا وسیلہ دعا ہے۔ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ ہم آپ کی شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہیں ،اس لیے اللہ کی بارگاہ میں گڑگڑا کر دعا کریں چونکہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے ۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=60538

ٹیگز