نمائندگی جامعۃ المصطفی العالمیہ، پاکستان کی جانب سے پاکستان بھر کے شیعہ حوزات علمیہ کے درمیان علمی اولمپیاڈ منعقد ہوا، جس میں تین ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق نمائندگی جامعہ المصطفی پاکستان میں تعلیمی امور کے سربراہ حجت الاسلام ڈاکٹر غلام جابر محمدی نے اس عظیم علمی مقابلے کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: یہ مقابلہ حوزات علمیہ کے ذمہ داران، اساتذہ اور منتظمین کی جانب سے بھرپور پذیرائی کا حامل رہا۔
پاکستان بھر کے شیعہ حوزات علمیہ کے درمیان علمی اولمپیاڈ کا انعقاد / 3000 سے زائد طلبہ و طالبات کی شرکت
انہوں نے مزیدکہا: ایسے علمی اولمپیاڈ منعقد کرنے کا مقصد پاکستان کے دینی طلبہ میں علمی استعداد کو پہچاننا، ممتاز اور باصلاحیت افراد کی علمی ترقی و ارتقاء اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
حجت الاسلام ڈاکٹر غلام جابر محمدی نے کہا:علمی اولمپیاڈز حوزات علمیہ کی علمی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور پاکستانی طلبہ کی بین الاقوامی علمی پروگرامز میں مؤثر شرکت کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ مقابلے مختلف سطحوں پر منعقد ہوئے اور منتخب نمایاں افراد کو اعلیٰ مراحل اور ملک و بیرون ملک خصوصی کورسز میں شرکت کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔