وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں ایرانی ثقافتی سفیر احسان خزاعی سے «لوک ورثہ» کے ڈائریکٹر«طلحہ علی كشواها» نے ملاقات کی اور دو طرفہ ثقافتی اور قرآنی تعلقات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں قرآنی محافل اور نعت خوانی کے پروگرام منعقد کرانے اور ایک دوسرے کے تجربوں سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔خزاعی کا مذکورہ ادارے سے تعاون کے حوالے سے کہنا تھا: پاکستان اور ایران کے درمیان ثقافتی حوالوں سے وسیع شعبے موجود ہیں اور امید ہے اس ادارے کے تعاون سے ان شعبوں میں کام کیا جاسکے گا۔
ایرانی ثقافتی سفیر نے دونوں ممالک میں ثقافتی معاہدوں کے حوالے سے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پروگرامز محدود ہوئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ قرآن کریم اور حضرت محمد مصطفی(ص) کی ذات گرامی وحدت میں اہم ترین عامل ہیں اور قرآنی میدان میں پروگرام کے حوالے سے کریم منصوری معروف ایرانی قاری اور ایرانی نعت خوانوں کو یہاں مدعو کیا جاسکتا ہے۔
طلحہ علی کشواها نے بھی تعاون بڑھانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا: کورونا میں کمی کے پیش نظر ارادہ ہے کہ پروگراموں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جاسکے۔
انکا کہنا تھا کہ جدید آرٹ گیلری کا کام مکمل ہوچکا ہے اور یہاں پر پروگرام کرنے کی سہولیات موجود ہیں اور ایران کے تجربوں اس حوالے سے استفادہ کیا جاسکتا ہے اور انکے تعاون سے قرآنی کلاسز کا سلسلہ شروع کرنے کا امکان موجود ہے۔
اس ملاقات میں دونوں نمایندے نے مشترکہ قرآنی محافل اور نعت خوانی کے پروگرامز کے علاوہ خطاطی نمایش منعقد کرانے پر اتفاق کیا۔












