25

ملک کو مستحکم کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے، علامہ ساجد نقوی

  • News cod : 31872
  • 22 مارس 2022 - 20:10
ملک کو مستحکم کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے، علامہ ساجد نقوی
75سالوں میںپاکستان میںآئین کا حشر کیا ہوا؟ رول آف لا کی کیا کیفیت ہے؟ جمہوریت کی کیا صورتحال ہے ؟ ،شہری حقوق محفوظ ہیں؟

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے23 مارچ یوم تجدید عہد کے موقع پر کہا کہ ملک کو مستحکم کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے ، عوام کوایسا پاکستان چاہیے جس کے مقاصد قائد اعظم نے معین کئے ، عوام کو ایسا پاکستان چاہیے جس میں ان مقاصد سے انحراف نہ کیا گیا ہو،75سالوں میںپاکستان میںآئین کا حشر کیا ہوا؟ رول آف لا کی کیا کیفیت ہے؟ جمہوریت کی صورتحال اور شہری حقوق کی کیا کیفیت ہے اورمعاشی حوالے سے کیا حقائق ہیں ؟انہوںنے کہا کہ ملک کو تمام چیلنجز سے نکالنے کی مربوط حکمت عملی مرتب کی ضرورت ہے ، داخلی و خارجی مسائل کے حل کیلئے مربوط اور مضبوط لائحہ عمل کی ضرورت ہے انہوںنے کہا کہ پاکستان کے قیام کے اغراض و مقاصدمیںاسلامی معاشرے کا قیام،اسلامی جمہوری نظام کا نفاذ،مسلم تہذیب و ثقافت کی ترقی، اردو زبان کا تحفظ و ترقی، سیاسی و معاشی ترقی اورپرُ امن فضا کا قیام شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قرارداد پاکستان جہاں عوام کو وطن دوستی اور حب الوطنی کی طرف متوجہ کرتی ہے وہاں آئین کی بالادستی ‘ قانون پر عمل داری اور جمہوریت وانصاف جیسی ذمہ داریوں کی طرف رہنمائی کرتی ہے، ہم ایسے وقت میں یوم پاکستان منارہے ہیں جب ملک کو بے شمار داخلی، خارجی مسائل کا سامنا ہے، خطے کی صورتحال تبدیل ہورہی ہے، عالمی سطح پر بڑی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جبکہ ایک عالمی وبا نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو جکڑ رکھا ہے، ان تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسی جذبے اور ولولے کی ضرورت ہے جو تحریک پاکستان کے وقت تھا جب کسی قسم کے تعصبات نہیں تھے، آج بھی شر پسند قوتوں سے خبردار رہتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا جو ملک میں تعصب، انتہا پسندی اور شدت پسندی کو ہوا دیتی ہیں۔ پاکستان کو لاحق تمام داخلی و خارجی خطرات اور امراض کا علاج یہی ہے کہ عوام بیدار‘ متحد اور منظم ہوں، انہوںنے مزید کہا کہ ہمیں اس عظیم دن یہ عہد کرنا ہوگا کہ مل کر پاکستان کو ترقی یافتہ بنا ئینگے اور کوروناجیسے چیلنجزکامقابلہ کرینگے، بدامنی‘ لاقانونیت‘ شہری آزادیوں کی بندش ‘ مہنگائی اور دیگر عوامی مشکلات حل کر نے کی ذمہ داری ادا کریں گے۔آخر میں انہوں نے پاکستان کے بہتر مستقبل کی اُمید اور دعا کی ۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=31872