وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، فیصل آباد اور پشاور سے آئے ہوئے وفود نے حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ حافظ بشیرحسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں مرجع عالی قدر نے مومنین کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ بعض اوقات انسان ناک سے بھی گناہ کا ارتکاب کرتا ہے ۔
اس امر کو مثال سے واضح کرتے ہوئے مرجع عالی قدر نے فرمایا کہ اگر کوئی عورت خوشبو لگا کر باہر نکلتی ہے اور مرد جان بوجھ کر اور اپنے اختیار سے اس خوشبو کو سونگھتا ہے اور خوشبو سونگھنے کے لیے لمبا سانس لیتا ہے تو یہ ناک سے سرزد ہونے والا گناہ ہے۔
مرجع عالی قدر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ عورت نے اس مورد میں ایک گناہ کیا ہے کہ وہ خوشبو لگا کر باہر نکلی ہے جبکہ مرد نے دو گناہ کیے ہیں ایک نامحرم عورت کی خوشبو سونگھی ہے اور دوسرا اس نے اپنے اس عمل کے ذریعے عورت کو رغبت دلائی ہے کہ وہ ایسے خوشبو لگا کر نکلے یہ عمل مردوں کو پسند ہے۔
مرجع عالی قدر نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جہاں دوسرے اعضاء سے صادر ہونے والے گناہوں کو انجام نہ دیا جائے اسی طرح ناک سے سرزد ہونے والے گناہ کو بھی ترک کیا جائے۔
دوسری جانب آئے ہوئے وفود نے قیمتی وقت دینے پر آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔












