15

انقلاب اسلامی کی 42 ویں سالگرہ اور حجۃ الاسلام سکندر علی بہشتی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب

  • News cod : 10048
  • 09 فوریه 2021 - 12:48
انقلاب اسلامی کی 42 ویں سالگرہ اور حجۃ الاسلام سکندر علی بہشتی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب
الباقیات الصالحات ٹرسٹ تسر شگر بلتستان کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ قم میں اسلامی انقلاب کی 42 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اور حجۃ الاسلام سکندر علی بہشتی کی ڈیڑھ سالہ تدریسی و تبلیغی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، الباقیات الصالحات ٹرسٹ تسر شگر بلتستان کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ قم میں اسلامی انقلاب کی 42 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اور حجۃ الاسلام سکندر علی بہشتی کی ڈیڑھ سالہ تدریسی و تبلیغی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں بلتستان بھر کے مایہ ناز علما ڈاکٹر یعقوب بشوی،حجۃ الاسلام سید سعید موسوی،شیخ محمد حسین جعفری، شیخ غلام محمد حیدری، استاد شیخ فداعلی حلیمی،جامعہ روحانیت بلتستان کےصدر شیخ حسین حیدری،سابق صدر سید احمد رضوی،مجمع طلاب شگر کےصدر شیخ محمد علی انصاری، المصطفی فاؤنڈیشن بریسل کے مسئول شیخ نثار حسین عاملی، موسسہ قرآن و اہل بیت کے صدر شیخ قاسم حیدری، متحدہ علماء فورم جی بی کے رہنما شیخ غلام محمد شاکری،ڈاکٹر عسکری ممتاز،ڈاکٹر فرمان علی سعیدی اور شگر کے معروف عالم دین شیخ کفایت حسین سمیت دیگر علما وطلاب کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مولانا سکندر بہشتی نے علاقے میں اپنی تبلیغی رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شگر کے مقامی علما اور دیگر سیاسی وسماجی شخصیات سے ملاقاتوں میں ہم آہنگی،اتحاد ووحدت،امن اور تعمیری سوچ کے ساتھ گفتگو کو انتہائی موثر قرار دیا۔

اجلاس سے ڈاکٹر یعقوب بشوی نے گروہی تبلیغ کے موثر عوامل اور کامیابی کی راہیں کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان کے مقامی علما کی معاشرے میں ناقابل فراموش خدمات ہیں ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے۔سب مل کر دین الہی کا پیغام پہنچانا اور اصلاح معاشرہ کی مختلف جہات پر توجہ دینا ہماری ذمہ داری ہے۔جس کے لیے ایک دوسرے کا احترام،تعاون اور ہمکاری کی ضرورت ہے۔
اخلاص اور توکل جیسی صفات پیدا کرکے ہم اس راہ میں کا میاب ہوسکتے ہیں۔

تقریب سے «مبلغین کی ترجیحات» کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام سید سعید موسوی نے کہاکہ اصلی ترجیحات میں بہت سے امور کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے جن میں نئی نسل اور جوانوں کی تربیت،تبلیغی امور میں تزکیہ و پاکیزگی پر توجہ لازمی ہے۔

آخر میں حجۃ الاسلام شیخ غلام رضا زاہد نے تسر کے علما کی جانب سے بزرگ علما وطلاب کا پروگرام میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=10048