26

اپنی دنیا آپ پیدا کر اگر زندوں میں ہے

  • News cod : 11009
  • 19 فوریه 2021 - 19:39
اپنی دنیا آپ پیدا کر اگر زندوں میں ہے
نام کے تو ہم بھی زندہ ہیں لیکن شاعر مشرق علامہ اقبال نے زندگی کی جو تعریف کی ہے اس کی رو سے محمدعلی سدپارہ جیسے لوگ ہی حقیقی معنوں میں زندہ ہوتے ہیں۔ ظاہری شکل و صورت میں وہ بھی ہماری طرح کے انسان ہی تھے مگر جس چیز نے اسے علی سدپارہ بنادیا وہ ان کا پختہ ارادہ ، عزم و ہمت، پہاڑوں کی طرح بلند حوصلہ اور اپنے مقصد پر محکم یقین وغیرہ تھا۔

تحریر: محمد حسین بہشتی 

قرآنی تعلیمات کی رو سے انسان کو دیگر تمام مخلوقا ت پر فضیلت حاصل ہے۔مخلوقات میں یہ انسان ہی ہے جو الہی روح کا مالک ہے : وَنَفَخْتُ فِيهِ مِنْ رُوحِي، مسجود ملائکہ ہے : فَسَجَدَ الْمَلائِكَةُ كُلُّهُمْ أَجْمَعُونَ اور روئے زمین پر اللہ کا خلیفہ ہے:إِنِّي جَاعِلٌ فِي الْأَرْضِ خَلِيفَةً۔
تاریخ بشریت میں کچھ ایسے بر جستہ افراد کا ذکر خصوصی طور پر ملتا ہے جنہوں نے اپنی خداداد استعداد اور غیرمعمولی کارناموں کے ذریعے بنی نوع انسان کے لئے اشرف المخلوقات ہونے کے اعزاز کو باقی رکھا۔ اگر ان برجستہ افراد کا کردار تاریخ کا حصہ نہ بنتا تو شاید انسانوں اور دیگر مخلوقات میں کوئی خاص فرق دیکھنے کو نہ ملتا۔ یہ انہی افراد کا کمال ہے جن کی صلاحیتوں، انتھک محنت، آگے بڑھنے کا جوش و جذبہ اور ہر چیز کو مسخر کرنے کا پختہ ارادہ وغیرہ نے غار میں زندگی کرنے والے انسان کو چاند پر کمند ڈالنے کا قابل بنایا۔
انہی خداداد صلاحیتیوں سے بھرپور اور برجستہ انسانوں میں ایک نام محمد علی سدپارہ کا ہے جنہوں نے کھیل کے مختلف میدانوں میں مخصوصا کوہ پیمائی کے میدان میں نہ صرف اپنا لوہا منوایا بلکہ قوم وملت کا نام بھی پوری دنیا میں روشن کردیا۔ علی سدپارہ نے فٹبال کے میدان سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک نامور کوہ پیما کے طور پر پوری دنیا میں مشہور ومعروف ہوئے۔
نام کے تو ہم بھی زندہ ہیں لیکن شاعر مشرق علامہ اقبال نے زندگی کی جو تعریف کی ہے اس کی رو سے محمدعلی سدپارہ جیسے لوگ ہی حقیقی معنوں میں زندہ ہوتے ہیں۔ ظاہری شکل و صورت میں وہ بھی ہماری طرح کے انسان ہی تھے مگر جس چیز نے اسے علی سدپارہ بنادیا وہ ان کا پختہ ارادہ ، عزم و ہمت، پہاڑوں کی طرح بلند حوصلہ اور اپنے مقصد پر محکم یقین وغیرہ تھا۔
امام حسین ؑ کی ذات سے والہانہ عشق و محبت علی سدپارہ کی ممتاز خصوصیات میں سے تھی جس نے انہیں اتنا بڑا مقام عطا کیا ۔ محمد علی کے ٹو سمیت دنیا کے جس پہاڑ پر بھی چڑھے امام حسین ؑ کے پرچم کو اپنے سینہ سے لگا کر رکھا اور بلند پہاڑوں کے غرور و تکبر کو پاؤں تلے روندتے ہوئے ان کے اوپر امام حسینؑ کے علم کو لہرا کر دنیا کو یہ دوٹوک پیغام دیا کہ : اونچا رہے تیرا علم حی علی خیر العمل
محمد علی سد پارہ نے بھی اپنے مولا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مر کر جینا سیکھا دیا ۔ آج پوری دنیا محمد علی سد پارہ کو یاد کرتی ہے۔آج ملکی و غیر ملکی میڈیا پر محمد علی سدپارہ کا ذکر ہے ۔ ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں محمد علی سدپارہ کے ساتھ اظہار عقیدت کے پروگرامز منعقد ہورہے ہیں اور سب کی زبانوں پر ایک بات ہے کہ علی سدپارہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔
علی سدپارہ نے مملکت خداداد پاکستان کا نام روشن کر دیا ۔حسن اتفاق یہ ہے کہ ایک محمدعلی جناح نے پاکستان کی بنیاد رکھی تھی تو آج دوسرے محمد علی سدپارہ نے اسی پاکستان کے پرچم کو دنیا کی بلند ترین چوٹیوں پر لہرا کر ثابت کردیا کہ محمد علی جنا ح کے بنائے ہوئے ملک کو کوئی زوال نہیں؛ یہ ملک بھی ہمیشہ آباد رہے گا اور اس کا پرچم بھی ہمیشہ بلندیوں میں لہراتارہے گا۔ پاکستان کے دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ اس ملک میں اب بھی علی سدپارہ جیسے باہمت ، پرعزم، وطن کی مٹی سے محبت کرنے والے اور ہرچیز کو وطن پر قربان کرنے والے جوان موجود ہیں جو دشمن کی ہر چال کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے ہمیشہ تیار ہیں۔
محمد علی زندہ باد پاکستان پایندہ باد
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
مجھے فخر ہے محمد علی سد پارہ سکردو سندوس میں میرا ہمسایہ تھا ۔ وہ پچھلے سال یہاں ایران میں حکومت اسلامی کی دعوت پر مشہد مقدس میں امام رضا علیہ السلام کی زیارت کے لیے اپنی فیملی کے ساتھ آئے تھے اور ایران میں ان کے اعزاز میں ایک شاندار سمینار منعقد کی گئی تھی اور ان کو ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ لیکن ہم اس بات سے بلکل ہی غٖافل تھے کہ وہ ہم سے آخری دیدار کر کے جارہے ہیں۔
محمد علی سدپارہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ میں اس موقع پر جامعہ روحانیت بلتستان شعبہ مشہد مقدس کی طرف سے مرحوم محمد علی سد پارہ کے تمام دوستوں اور محبت کرنے والوں خاص طور پر ان کےگھر والوں اور رشتہ داروں کو تسلیت عرض کرتاہوں اور خدا وند متعال سے ان کے درجات کی بلندی کےلئے دعاگو ہوں۔

جامعہ روحانیت بلتستان مشہد مقدس
جمعۃ المبارک 19 فروری 2021برابر 1 اسفند 99

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=11009