30

طاہرالقادری نے اسلامی تاریخ میں پہلی بار حضرت علیؑ سے مروی احادیث کو 12 جلدوں میں جمع کیا ہے، حسن محی الدین

  • News cod : 11776
  • 26 فوریه 2021 - 0:23
طاہرالقادری نے اسلامی تاریخ میں پہلی بار حضرت علیؑ سے مروی احادیث کو 12 جلدوں میں جمع کیا ہے، حسن محی الدین
حضرت علی علیہ السلام باطنی و روحانی خلافت کے شہنشاہ تھے، آپ جلیل القدر اور معتمد اصحاب رسول اور اہلبیتؑ میں سے تھے، جن کی پاکیزگی اور طہارت کا اعلان اللہ رب العزت نے کائنات کی معتبر ترین کتاب قرآن مجید میں کیا۔

وفاق ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم علم کا شہر اور حضرت علی ع اس کا دروازہ ہیں، کوئی شخص دروازے سے گزرے بغیر شہر میں داخل نہیں ہو سکتا، حضرت علی علیہ السلام جرات و شجاعت کے پیکر اور علم و حکمت کا سمندر تھے، حضرت علی علیہ السلام باطنی و روحانی خلافت کے شہنشاہ تھے، آپ جلیل القدر اور معتمد اصحاب رسول اور اہلبیتؑ میں سے تھے، جن کی پاکیزگی اور طہارت کا اعلان اللہ رب العزت نے کائنات کی معتبر ترین کتاب قرآن مجید میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپؑ نے اور آپؑ کی پاک آل نے دین حق کی سربلندی کیلئے تاریخ عالم کی بے مثل قربانیاں دیں اور دین محمدی کی ترویج و اشاعت کے حوالے سے وہ کردار ادا کیا جو قیامت تک کیلئے ذریعہ و ہدایت و راہنمائی بنا رہے گا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ تصنیف و تالیف کی ایک ہزار سالہ اسلامی تاریخ میں پہلی بار ڈاکٹر طاہرالقادری نے حضرت علی علیہ السلام سے مروی 12 جلدوں پر مشتمل احادیث مبارکہ کا ذخیرہ جمع کیا ہے، جسے ”مسند امام علی علیہ السلام” کے نام سے شائع کیا جا رہا ہے، یہ مجموعہ احادیث تشنگان علوم الحدیث کی علمی سیرابی کا باعث بنے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=11776