20

حضرت عباس ؑ دنیا میں وفا شعاری اور جانثاری کا اعلیٰ نمونہ تھے، علامہ سید ساجد نقوی

  • News cod : 13559
  • 18 مارس 2021 - 18:09
حضرت عباس ؑ دنیا میں وفا شعاری اور جانثاری کا اعلیٰ نمونہ تھے، علامہ سید ساجد نقوی
حضرت عباس ؑ کی زندگی کا اہم پہلو یہ ہے کہ وہ اپنے والد گرامی امیر المومنین کے تربیت یافتہ تھے

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 4 شعبان المعظم یومِ ولادت حضرت عباس ؑ کے موقع پر کہا کہ حضرت عباس ؑ ابن علی ؑ دنیا میں وفا شعاری اور جانثاری کا اعلیٰ نمونہ تھے۔ جس طرح امیر المومنین علی ابن ابی طالب نے پیغمبر گرامی کے ساتھ وفا شعاری کی داستانیں رقم کیں اسی طرح حضرت عباس ؑ نے نواسہ پیغمبر کے ساتھ وفا اور محبت کے تمام تقاضے پورے کئے۔ ان کی شخصیت جبر و آمریت اور ظلم و بربریت کے خلاف قیام کا استعارہ ہے اور حق پرستوں اور وفا شعاروں کے لئے رہنمائی کا ذریعہ اور روشنی کا مینار ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حضرت عباس ؑ کی زندگی کا اہم پہلو یہ ہے کہ وہ اپنے والد گرامی امیر المومنین کے تربیت یافتہ تھے یہی وجہ ہے کہ انہیں مرد فقیہ اور عبد صالح جیسے القابات سے نوازا گیا۔ واقعہ کربلا میں لشکر حسینی ؑ کے سپہ سالار کی حیثیت سے جرات و بہادری اور دلیری و وفا شعاری کی لازوال داستان حضرت عباس ؑ نے رقم کی۔ حضرت عباس ؑ نے اپنے والد گرامی کی سرپرستی میں ہر محاذ پر صف اول میں مجاہدانہ کردار ادا کیا اور شجاعت و بہادری کے ساتھ ساتھ علم و حکمت کے بھی جوہر دکھائے جن سے استفادہ کر کے آج بھی اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو سنوارا جا سکتا ہے۔ قائد ملت جعفریہ نے اس پرمسرت موقع پر عالم اسلام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ اگر اسلامی افواج کے سپہ سالار حضرت عباس ؑ کے کردار، دلیری اور وفا شعاری کو اپنائیں تو ظلم و جبر اور دشمن قوتوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=13559