11

آخری زمانے میں دین کی حفاظت اہم ترجیحات میں سے ہے، آیت اللہ بوشہری

  • News cod : 14547
  • 31 مارس 2021 - 20:31
آخری زمانے میں دین کی حفاظت اہم ترجیحات میں سے ہے، آیت اللہ بوشہری
جامعہ مدرسین کے سربراہ آیت اللہ ہاشم حسینی بوشہری نے قم کی مسجد الزہرا میں منعقدہ پروگرام 800معیشت پیکیج کی تقسیم کے موقع پر حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کی مبارکبادی دیتے ہوئے کہاکہ مسجد الزہرا نے ثابت کردیا کہ اس کی آبادی صرف میناروں اور گلدستوں میں نہیں ؛ بلکہ لوگوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے قائم کی گئی اس مرکزیت میں ہے.

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ مدرسین کے سربراہ آیت اللہ ہاشم حسینی بوشہری نے قم کی مسجد الزہرا میں منعقدہ پروگرام 800معیشت پیکیج کی تقسیم کے موقع پر حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کی مبارکبادی دیتے ہوئے کہاکہ مسجد الزہرا نے ثابت کردیا کہ اس کی آبادی صرف میناروں اور گلدستوں میں نہیں ؛ بلکہ لوگوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے قائم کی گئی اس مرکزیت میں ہے جس کے آثار و برکات سورج کی کرنوں کی مانند ظاہر ہو رہے ہیں۔

آیت اللہ بوشہری نے منجی عالم بشریت کے روز ولادت کے حوالے سے کہاکہ ہم سب ان کے منتظرین کی صف میں کھڑے ہیں ۔ لوگوں کی معیشت کو سہارا دینے کے لئے اس طرح کے پیکیجز کو اللہ تعالیٰ کے نزدیک ان پسندیدہ کاموں میں شمار ہوتے ہیں جو معصوم کی غیبت کے زمانے میں ہمیں انجام دیناچاہئے۔

تقوائے الٰہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے امام زمان علیہ السلام کے زیر نظر ہیں۔ درحقیقت ہمارے تمام حرکات و سکنات اللہ تعالیٰ، رسول اکرم ﷺ اور اہل بیت علیہم السلام کے سامنے ہیں ؛ لہٰذا جو کچھ ہم انجام دیتے ہیں وہی کل قیامت کے دن ہماری آنکھوں کے سامنے ظاہر ہو کر رہے گا۔ ایسے میں ایمان رکھنے والے افراد کا فریضہ یہ ہے کہ وہ دین سے متمسک رہیں اور دین کو مشعل راہ بنا کر قدم بڑھائیں۔

اسلامی نظام کے دشمنوں کی ریشہ دوانیوں اور سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا: اس دنیا میں کچھ افراد 160 فارسی چینلز کے ذریعے ہمارے جوانوں کو ہم سے چھیننا چاہ رہے ہیں اور ہمارے ارادوں کو کمزور بنا نے پر کمربستہ ہیں۔یہ ان کی بھول ہے۔ انہیں جان لینا چاہئے کہ ہمارے جوان مکتب اسلام اور انقلاب کے تربیت یافتہ ہیں وہ کبھی بھی دشمن کی ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا: آخری زمانے میں دین کی حفاظت اہم ترجیحات میں سے ہے اور یہ عمل ہاتھ میں انگارہ اٹھا کر برداشت کرنے کے مترادف ہے۔ اس سلسلے میں ہمارا سب سے اولین فریضہ یہ ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ پر پختہ عقیدہ رکھیں اور اللہ تعالیٰ کو ہی ہر کام کا محوربنائیں۔ جس طرح امیر المؤمنین علیہ السلام فرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ کی بہتر معرفت رکھنے والے مؤمن افراد امام زمان علیہ السلام کے مددگار ہوتے ہیں۔ اسی طرح حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: امام زمان علیہ السلام کی مدد کرنے والوں کے دل شک و تردید کے مقابلے میں لوہے کی مانند ہوتے ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=14547